پاکستان پیپلز پارٹی آئینی اصلاحات کا حکومتی بل سختی سے مسترد کرتی ہے، مخدوم سید احمد محمود

وزراء جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور مہنگائی کی دلدل میں ڈوبی عوام کی خستہ حالی پر کوئی رحم کرتے ہوئے ریلیف فراہم کریں ،گفتگو

منگل 22 جون 2021 23:51

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئینی اصلاحات کا حکومتی بل سختی سے مسترد کرتی ہے کیونکہ الیکشن کمیشن بھی اس بل پر اعتراضات اٹھا چکا ہے جبکہ حکومتی وفاقی وزراء محض سندھ حکومت کو ٹارگٹ کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی پر بھی کچھ توجہ دیں اور جنوبی پنجاب کی پسماندگی اور مہنگائی کی دلدل میں ڈوبی عوام کی خستہ حالی پر کوئی رحم کرتے ہوئے ریلیف فراہم کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ھاوس ملتان میں متعلقہ الائیڈ ونگز جنوبی پنجاب کے سربراہان کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب نتاشہ دولتانہ، کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب عبدالقادر شاھین، سابق ممبر پنجاب اسمبلی سید احمد مجتبیٰ گیلانی سمیت صدر پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ، صدر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن جنوبی پنجاب سید عارف شاہ، صدر پی ایس آف جنوبی پنجاب داود احمد گجر، صدر پیپلز لیبر بیورو جنوبی پنجاب عاشق حسین بھٹہ، صدر لیڈیز ونگ جنوبی پنجاب شازیہ عابد ایم پی اے، صدر کسان ونگ جنوبی پنجاب پیر سیف الرحمان کھگہ، صدر پیپلز ڈاکٹرز فورم جنوبی پنجاب ڈاکٹر عزیر احمد قریشی، صدر کلچرل ونگ جنوبی پنجاب ڈاکٹر اشرف الیاس اشولال، صدر علماء ونگ جنوبی پنجاب میاں عبدالرحمان صدیقی، صدر مشائخ ونگ جنوبی پنجاب خواجہ کلیم الدین کوریجہ، صدر منیارٹی ونگ جنوبی پنجاب مسٹر بسروجی شریک تھے اس موقع پر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ موجودہ سلیکٹڈ و نالائق حکومتی دور میں ایسی زرعی اجناس بھی درآمد کرنی پڑ رھی ہیں جن میں پاکستان خود کفیل تھا ،نااہل حکمران سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں اور نام نہاد معاشی بحالی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں جبکہ معاشی حالات بالکل بر عکس ہیں، مخدوم احمد محمود نے اجلاس میں شریک متعلقہ الائیڈز ونگز جنوبی پنجاب کے صدور کو ستمبر تک تمام تنظیم سازی مکمل کرنے کی ھدایات کیں اور کہا کہ تنظیم سازی مکمل ہونے کے بعد ہر الائیڈز ونگ کے ورکرز کنونشن منعقد ہونگے جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے انہوں نے مزید کہا کہ دختر مشرق بے نظیر بھٹو شہید نے اپنے خون سے جمہوریت کی آبیاری کی جبکہ وطن عزیز میں جمہوریت شہیدرانی کی قربانی کا ثمر ہے کیونکہ شہید بے نظیر بھٹو نے بھٹو شہید کے نقش قدم کو اپناتے ہوئے سامراجی آمریت کے خلاف جدوجہد کا جو سبق پاکستانی عوام کو دیا تھا بھٹو شہید کے جیالے آج بھی وطن عزیز میں جمہوریت کے استحکام کے لئے آصف علی ذرداری کی قیادت میں اسی مشن کے لئے کوشاں ہیں اور بلاول بھٹو بھی اپنی قائد ماں شہید رانی کے افکار کی تکمیل کے لئے پاکستان کے مظلوم اور بے کس عوام کے حقوق کی سربلندی کے لئے کوشاں ہیں، مخدوم سید احمد محمود نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ جکومتی نالائقوں نے قومی معیشت کے ساتھ ساتھ ہر صنعت حرفت کا بھی بیڑہ غرق کردیا ہے لہذا وقت کا تقاضا ہے کہ اس نام نہاد کپتان کے مردہ گدھے کو دفن کرکے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے جمہوری نظام کو ترویج دی جائے اور جمہوریت کے نام پر سامراجی آمریت کو نہ چلایا جائے اس سے ملک وقوم کا کوئی بھلا نہ ہوگا، اس موقع پر اجلاس کے بعد مخدوم سید احمد محمود و دیگر نے صدر پیپلز یوتھ آرگنائزیشن جنوبی پنجاب سید عارف شاہ کی طرف سے شہید محترمہ بینطیر بھٹو کی 68 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور شہید رانی کو خراج تحسین پیش کیا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں