خطے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے،دنیا میں قیام امن کیلئے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو حل کرنا ہوگا،شاہ محمود قریشی

عمران خان مسلم امہ کے سفیر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں،کشمیر ی عوام نے تحریک انصاف کو کشمیرکا موقف اجاگرکرنے پر بھاری مینڈیٹ سے نوازا، پی پی کے پاس آزاد کشمیرکے 45حلقوں کے امیدوار ہی نہیں وہ کس منہ سے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں ،سندھ حکومت کو چاہئے این سی او سی سے مشاورت کے بعد متفقہ لائحہ عمل طے کرے، وزیر خارجہ کا عشائیے سے خطاب

اتوار 1 اگست 2021 19:45

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے، دنیا میں قیام امن کیلئے کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو حل کرنا ہوگا،عمران خان کشمیر ،فلسطین بلکہ مسلم امہ کے سفیر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں،آزاد کشمیر کی عوام نے تحریک انصاف کو کشمیری عوام کا بھر پور موقف اجاگرکرنے پر بھاری مینڈیٹ سے نوازا، جس پر ان کے شکر گزار ہیں،پی پی کے پاس آزاد کشمیرکے 45حلقوں کے امیدوار ہی نہیں تھے وہ کس منہ سے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں ہارنے کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانا پی پی (ن )لیگ کا وطیرہ ہے،سندھ حکومت کو چاہئے کہ این سی او سی سے مشاورت کے بعد متفقہ لائحہ عمل طے کرے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ باتیں گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماء شیخ واجد شوکت کی جانب سے ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کارکنوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری ،چودھری خالد جاوید وڑائچ ،مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ،شیخ بشار ت، فخرالسلام ڈوگر داد مکی،مسعود مغل، حبیب اللہ ظفر، عبدالرئوف ،طاہر حمید قریشی ،سید بابر شاہ ،ملک معاویہ ،عبدالوہاب خان اور عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت نے 5اگست کو بھر پور طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے، وزیراعظم پاکستان 5اگست کو آزاد کشمیرجانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں وزیراعظم پاکستان مظلوم کشمیریوں سے نہ صرف اظہار یکجہتی کریں گے بلکہ کشمیر کے اوپر دنیا کے سوئے ہوئے ضمیر کو جگانے کیلئے ایک بار پھر آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت کے اقدامات کی بدولت 63سال بعد مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں دوبارہ زیر بحث آیا۔

یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے۔ 63سال میں کسی حکومت نے کشمیریوں کی آواز اتنی موثر اجاگر نہیں کی جتنی تحریک انصاف کی حکومت نے ان اڑھائی سالوں میں بلند کی ہے ۔ یہ حکومت کے اقدامات ہیں کہ آج عالمی برادری بھی مظلوم کشمیریوں کی حمایت کیلئے آوازیں بلند کر رہی ہے۔ ہمارے اقدامات کی بدولت کشمیر کا مسئلہ ایک خطے کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔

جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا تحریک انصا ف پاکستان کی مقبول ترین سیاسی جماعت ابھر کر سامنے آئی ہے جس کی جڑیں عوام کے اندر ہیں۔ تحریک انصاف وفاق کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ہمیں مہنگائی معیشت سمیت بہت سے چیلنجزکا سامنا ہے جن پر قابو پانے کیلئے ہماری ٹیم سخت محنت کررہی ہے۔

حکومتی پالیسیو ںکی بدولت مستقبل قریب میں بڑی معاشی مثبت تبدیلی نظر آئیگی۔ انہوں نے کہا کرونا کی چوتھی لہر نہایت خطرناک ہے ہمیں اس چیلنج کے دوران نہ صرف عوام کو وباسے بچانا ہے بلکہ ملکی معیشت کا پہیہ بھی رواں رکھنا ہے تب ہی ہم اس چیلنج سے نبرآزما ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا این سی او سی ایک قومی فورم ہے ۔ سندھ اس وقت اس وباسے خاصا متاثر ہے ۔

سندھ حکومت کو چاہئے کہ این سی او سی سے مشاورت کے بعد متفقہ لائحہ عمل طے کرے تاکہ ہم صحیح طریقہ سے اس وباکا مقابلہ کر سکیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمو د قریشی نے عید الا ضحی کے موقع پر ملتان شہر میں صفائی کے بہترین انتظامات پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی انتظامیہ اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی ملتان کی صفائی اور شہریوں کو بہترین سروس کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں گے۔

وزیر خارجہ مخدوم شا ہ محمود قریشی نے اس موقع پر عمائدین کی دستار بندی کی۔قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اخترانصاری کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے عمائدین علاقہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہو ںنے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصا ف کی عوام کے مسائل کا ادراک ہے۔ اور ان کے حل کیلئے بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔

حکومت کی خواہش ہے عوام کی زندگی میں تبدیلی لائی جائے اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ تاہم ہمیں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں جن کے خاتمے کیلئے حکومتی ٹیم دن رات کام کررہی ہے۔ جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔دریں اثناوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا انہوں نے ٹاٹے پور میں مینگو پلپ پلانٹ کا معائنہ کیا،ملک عباس راں نے انہیں پلپ پلانٹ کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایااور آم کے پلپ کے پروسیسنگ پلانٹ بارے مکمل بریف کیا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں