ثقافت کی ترویج میں ملتان آرٹس کونسل گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے،ڈائریکٹر آرٹس کونسل طاہر محمود

جمعہ 17 ستمبر 2021 00:07

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2021ء) ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس ملتان ڈویژن طاہر محمود نے کہا ہے کہ مالی سال 2021-22میں آرٹس کونسل کی تزئین وآرائش اور مرمت کیلئے پنجاب حکومت نے فنڈز مختص کر دیے ہیں جس سے آڈیٹوریم میں اے سی ، سکیورٹی سسٹم اور دیگر سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا،خطے کی ثقافت کی ترویج کے لئے آرٹس کونسل گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

جمعرات کو جاری بیان میں طاہر محمود نے کہا کہ ملتان آرٹس کونسل نے آرٹ، زبان وادب اور خطے کی ثقافت کی ترویج کیلیے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں اس ضمن میں آرٹس کونسل ہر سال یوم کشمیر، یوم پاکستان، یوم آزادی اور دیگر مواقع پر مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیاثقافت کے فروغ کیلئے ہر سال پنجابی، سرائیکی اور بلوچی ثقافت کے دن پر رنگا رنگ پروگرام کیے جاتے ہیں زبان وادب کی ترویج کیلیے مشاعرے، مکالمے اور دیگر پروگرام کرائے جاتے ہیں جبکہ ہر جمعرات کو ادبی بیٹھک تسلسل کے ساتھ جاری ہے جس میں شہر اولیا کے نامور ادیب اور شعرا شریک ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک کو حال ہی میں 4سو ہفتے مکمل ہو چکے ہیں فن اور فنکاروں کو پروموٹ کرنے کیلئے فیملی ڈرامہ کرایا جاتا ہے تاکہ فیملیز کو تفریح کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2018-19کے دوران ملتان آرٹس کونسل نے مجموعی طور پر 100 سے زائد پروگرام کرائے ،مالی سال 2019-20کے دوران مجموعی طور پر 95 تقریبات کا اہتمام کیا جبکہ مالی سال 2020-21میں کرونا وائرس کے باعث تقریبات کی تعداد کم رہی آرٹس کونسل کے زیر اہتمام نمایاں سرگرمیوں میں جشن تمثیلچہ، فوک گلوکار منصور ملنگی کی برسی کے موقع پر میوزیکل پروگرام، سالانہ ڈرامہ فیسٹیول اور دیگر تقریبات شامل ہیں۔

2019 میں "جنوبی پنجاب کی آواز" کے نام سے ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے درمیان گائیکی کے مقابلے کرائے گئے۔ اسی طرح 2020-21 میں پنجاب بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ادب، موسیقی، مصوری، دستکاری اور شارٹ فلم کے مقابلے کرائے گئے۔انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں میں ملتان ڈویژن نے شاعری میں دوسری اور موسیقی میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور وسیب کے نامور گلوکار نعیم الحسن ببلو کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کے علاوہ خراج تحسین پیش کرنے کیلیے میوزیکل پروگرام بھی کرایا گیا جس میں مقامی گلوکاروں کے علاوہ نامور گائیک شبنم مجید نے پرفارم کیا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں