پنجاب سیڈ کونسل نے سی سی آر آئی ملتان کی کپاس کی 5 نئی بی ٹی اقسام اور ایک نان بی ٹی قسم کی عام کاشت کی منظوری دیدی

منگل 21 ستمبر 2021 19:16

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت آج ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں پنجاب سیڈ کونسل کے منعقدہ55ویں اجلاس میں سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ملتان کی5 نئی بی ٹی اقسام سی آئی ایم663,سی آئی ایم 678،سی آئی ایم785،سائیٹو533 اور سائیٹو535 شامل ہیں جبکہ ایک نان بی ٹی قسم سائیٹو226 منظور کر لی گئیں اور پنجاب میں عام کاشت کے لیے منظوری دے دی گئی اجلاس میں پنجاب بھر کے زرعی سائنسدانوں نے شرکت کی سی سی آر آئی ملتان کی منظور شدہ یہ اقسام ریشہ کی اعلیٰ خصوصیات کے ساتھ وائرس کے خلاف قوت مدافعت رکھنے اور زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل ہیں اجلاس میں شریک وائس پریزیڈنٹ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی، ڈاکٹر محمد علی تالپور نے سی سی آر آئی ملتان کے ڈائریکٹر اور تمام زرعی سائنسدانوں اور دیگر سٹاف کو مبارکباد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے تحقیقاتی ادارے کاشتکاروں کو کپاس کی بہترین اقسام روشناس کرانے کی سابقہ روایات برقرار رکھے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے پنجاب سیڈ کونسل نے کپاس کی منظوری کے لئے ڈی این اے فنگر پرنٹنگ رپورٹ کو لازمی قرار دیا ہے۔ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر زاہد محمود نے بتایا کہ منظور شدہ اقسام زیادہ گرمی برداشت کرنے اور کم دستیاب پانی میں بہترین پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتیں ہیں اور ان اقسام کا پیداواری پوٹینشل 50من فی ایکٹر تک ہے۔ سی سی سی آر آئی ملتان کی ان منظورشدہ اقسام اور دیگر اقسام سے نہ صرف ملک میں کپاس کی ترقی و بحالی میں پیشرفت ہوگی بلکہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

ڈاکٹر زاہد محمود کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے کاشتکار اچھی مینجمنٹ کا خصوصی خیال رکھیں اور کاشتہ کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی کو سامنے رکھ کر کاشت کاری کے امور ٹھیک سے سرانجام دیں تو وہ بہت اچھی فی ایکڑپیداوار لے سکتے ہیں۔ سیڈ کونسل اجلا س میں سی سی آر آئی کی جانب سے سربراہ شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس ڈاکٹر ادریس خان اور سربراہ شعبہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی ساجد محمود بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وائس پریذیڈنٹ پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ڈاکٹر محمد علی تالپور،کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبد اللہ،کاٹن ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے چیئرمین بلال اسرائیل، سی سی آر آئی وپی سی سی سی ہیڈ کواٹر اسٹاف اور دیگر پی سی سی سی کے ماتحت کپاس کے اداروں کے زرعی سائنسدانوں اور دیگر اسٹاف ممبران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد کی جانب سے ڈاکٹر زاہد محمود اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی گئی جس پر ڈاکٹر زاہد محمود نے سب کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور اعادہ کیا کہ ادارہ ہذا مستقبل میں بھی کپاس کی تحقیق وترقی میں اپنا شاندار کردار ادا کرتے رہے گا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں