ملتان ‘ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت یقینی بنانے کے لیے سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل کا فیصلہ

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سکولز اولمپکس کا انعقاد طالبات میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ اور کھیلوں کے احیاء کا باعث بنے گا‘سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب

منگل 26 اکتوبر 2021 14:45

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں تعلیمی افسران کی کانفرنس، جنوبی پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو فیصلہ سازی، مشاورت، انتظامی معاملات پر دسترس، جمہوری اقدار سے متعارف کرانے اور ہم نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت یقینی بنانے کے لیے سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل کا فیصلہ، ایلیمنٹری، سکینڈری اور ہائیر سکینڈری کلاسز کے طلبہ انتخابی عمل کے ذریعے سٹوڈنٹ کونسل کا صدر ، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری منتخب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور کے زیر صدارت 11 اضلاع کے ایجوکیشن سی ای اوز اور ڈی ای اوز کی کانفرنس ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ایڈیشنل سیکرٹری(ایڈمن) عطاء الحق، ایڈیشنل سیکرٹری (سکولز ایجوکیشن) انصر سیال، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق، ڈی پی آئی (سکینڈری ) جنوبی پنجاب اعزاز احمد جوئیہ، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) طاہرہ شفیق چشتی، سیکشن آفیسر حنا چوہدری، بہاول پور ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان کے تعلیمی بورڈز کے سیکرٹریز اور ڈویڑنل و ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران نے شرکت کی۔

کانفرنس میں سکولز اولمپکس کے انعقاد، سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل اور دیگر تعلیمی معاملات پر غورو خوض کے علاوہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سکولز اولمپکس کا انعقاد طالبات میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ اور کھیلوں کے احیاء کا باعث بنے گا، ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام اس ایونٹ کا آغاز 8 نومبر سے ہو گا جو کہ 12 نومبر تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سکولوں کی سطح پر کھیل کی سرگرمیاں کاغذوں اور فرضی بنیادوں پر ہوتی رہی ہیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے پوزیشنیں لی جاتی رہی ہیں، تاہم اب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب نے عملی قدم اٹھاتے ہوئے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے احیاء ، صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ اور طلباء و طالبات کی عملی شرکت کو یقینی بنانے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اولمپکس مشعل 29 اکتوبر کو جلائی جائے گی اور اسے مرحلہ وار جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں گھما کر 8 نومبر کو ملتان میں سکولز اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں لایا جائے گا۔ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے سکولوں کی سطح پر سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل ، ان کی ذمہ داریوں اور مقاصد کے حوالے سے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کے طلبہ کو فیصلہ سازی، انتظامی معاملات پر دسترس، گفت وشنید پر عبوراور ہم جماعتوں سے مشاورت جیسے امور سے روشناس کرانے، سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کی بحالی، ان کے مستقل انعقاد اور طلباء و طالبات کی سرگرم شرکت کو یقینی بنانے کے ساتھ ان میں ذمہ داریاں اٹھانے اور اعلیٰ جمہوری اقدار و روایات سے متعارف کرانے کے لیے سٹوڈنٹ کونسلوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹوڈنٹ کونسل ایلیمنٹری ، ہائی اور ہائیر سکینڈری سکولوں میں متعارف کروائی جائیں گی ، جماعت ششم اور اس سے اوپر کی کلاسز کے طلبہ اپنا سی آر منتخب کریں گے ۔ سٹوڈنٹ کونسل صدر، نائب صدر اور جنرل سیکرٹری پر مشتمل ہو گی، یہ عہدے سکولوں میں حسب ترتیب تین سینئر کلاسز کے لیے مختص ہوں گے۔ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ سٹوڈنٹ کونسل کے انتخابات کے لیے سینئر ٹیچرز پر مشتمل الیکشن کمیشن اور الیکشن ٹریبونل تشکیل دیا جائے گا، صرف وہی طلبہ سٹونڈنٹ کونسل کے انتخاب میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے جنہوں نے پچھلے سالانہ امتحان میں پہلی تین میں سے کوئی ایک پوزیشن حاصل کی ہو اور ان کی حاضری 80 فیصد ہوجبکہ نظم وضبط کے حوالے سے بھی بہترین ریکارڈ کے حامل ہوں۔

کانفرنس میں 11 اضلاع کی ایجوکیشن اتھارٹیز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے رینکنگ میں خراب کارکردگی کی حامل ڈسٹرکٹ اتھارٹیز کے سی ای اوز کو اپنی کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایات دیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں