آئی ایم ایف کے دبائو پر غریب قوم پر مزید مہنگائی کا بم گرانے کے لئے منی بجٹ لاگو کیا گیا تو رہی سہی ملکی معیشت کا بیڑہ غرق ہو کر رہ جائیگا،خواجہ سلیمان

معیشت مستحکم ہونے کا راگ الاپنے والے خوشامد ی وزراء 30ارب سے زائد کا نقصان ہونے پر اپنے گریبانوں میں جھانکیں ،مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئر مین و دیگر کا بیان

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2021ء) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، ضلعی صدر سیدجعفرعلی شاہ سنیئر نائب صدر حاجی ندیم قریشی، جنرل سیکرٹری ملتان مرزانعیم بیگ،چیئرمین سپریم کونسل ملتان خواجہ احمد فراز صدیقی، نائب صدر ملتان ناصر چوہان، نائب صدر ملتان مراز جاوید، جوائینٹ سیکرٹری ملتان یعقوب راجپوت نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے دبائو پر غریب قوم پر مزید مہنگائی کا بم گرانے کے لئے منی بجٹ لاگو کیا گیا تو رہی سہی ملکی معیشت کا بیڑہ غرق ہو کر رہ جائے گا ملکی معیشت کے مستحکم ہونے کا راگ الاپنے والے خوشامد ی وزراء گذشتہ سے پیوستہ روز سٹاک ایکسچینج کی مندی کے باعث 30ارب سے زائد کا نقصان ہونے پر اپنے گریبانوں میں جھانکیں لیکن افسوس کہ اس سلسلے میں سنجیدگی سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا اب بھی وقت ہے کہ حکومت و اپوزیشن ملک وقوم کی بہتری کے لئے ذمہ داری پوری کریں وگرنہ تاجر برادری دکانوں کو تالے لگانے پر مجبور ہوجائے گی ایک طرف یہ صورتحال ہے تو دوسری طرف بڑ ھتی ہوئی مہنگائی نے بھی کاروبار زندگی تباہ کرکے رکھ دیئے ہیں اور عام آدمی میں قوت خرید کی سکت تک نہیں رہی تو لاکھوں چھوٹے تاجرمزید معاشی بدحالی کا شکار ہو جائیں گے پہلے ہی گذشتہ دوبرسوں کے دوران کرونا وباء ، دکانوں کی بندش، ٹیکسز کے لاگو ہونے کے باعث تجارتی و کاروباری طبقہ شدید پریشانی سے دوچار ہے خواجہ سلیمان صدیقی نے مزید کہا کہ حکومت چھوٹے تاجر ہوں یا عام شہر ی ان پر مزید ظلم بند کرے اور ان سے جینے کا حق نہ چھینے پہلے ہی ملکی معیشت کی تباہ حالی کے باعث بائیس کرو ڑ سے زائد عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں اب ایک بار پھر آئی ایم ایف کے دباو ٴ پر منی بجٹ کی صو رت میں مزید مہنگائی کا بم گرانے کی جو شنید سنائی دی جارہی ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے اگر حکومت نے مزید مہنگائی کا بم گرایا تو تاجر برادری احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائے گی اسی لئے حکومت مزید مہنگائی کا بم نہ گرائے بلکہ جو ٹیکسز بحال کئے گئے ہیں ان کو بھی واپس کیا جائے اسی طرح عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں