پاکستانی صحافت کا ایک اور اہم باب بند ہو گیا

سابق ایڈیٹر روزنامہ امروز سید سلطان شاہ طویل علالت کے بعد95برس کی عمر میں ملتان میں انتقال کرگئے

پیر 16 مئی 2022 23:35

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) پاکستانی صحافت کا ایک اور اہم باب بند ہو گیا۔سابق ایڈیٹر روزنامہ امروز سید سلطان شاہ طویل علالت کے بعد95برس کی عمر میں ملتان میں انتقال کرگئے،مرحوم کی نماز جنازہ گزشتہ روز ابدالی مسجد ملتان میں ادا کی گئی جس میں سنیئر صحافی و سابق صدور ملتان پریس کلب مسیح اللہ خان جامپوری، رشید ارشد سلیمی،رضی الدین رضی،سیکرٹری جنرل ملتان یونین آف جرنلسٹ عدنان فاروق قریشی، نائب صدر ملتان یونین آف جرنلسٹ اعظم جہانگیر،چئیرمین تقریبات کمیٹی ملتان پریس کلب مظہر جاوید سیال، سنئیر صحافی چوہدری سلیم، چیئرمین کیفے ٹیریا ملتان پریس کلب خاجہ اشرف صدیقی، شاہد بھٹہ،سنئیر ایڈوکیٹ وسیم ممتاز،فہیم ممتاز سمیت صحافیوں، وکلائ سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی بعد ازاں انہیں مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیاگیا۔

(جاری ہے)

مرحوم کی قل خوانی آج بروز منگل حسن پروانہ نزددربار چادر والی سرکار ایک مینار والی مسجد میں ادا کی جائیگی دعا ٹھیک 7بجے صبح ہوگی۔ سابق ریزیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ امروز سید سلطان شاہ کا شمار پاکستان کے ان جید صحافیوں میں ہوتا تھا جنہوں نے اپنے قلم کی حرمت کو کبھی پامال نہیں ہونے دیا۔ روزنامہ امروز کا کراچی اسٹیشن بند ہوا تو انتظامیہ نے سید سلطان شاہ کا تبادلہ ملتان کردیا اور انہوں نے ملتان میں آکر بوہڑ گیٹ کے قریب ڈاکٹر حقنواز کے ہاں رہائش اختیار کرلی۔

سید سلطان شاہ کی سادگی،عمدہ اخلاق اور اپنے پیشے سے مخلص پن دیکھتے ہوئے ڈاکٹر حقنواز نے انکی اپنی بہن سے شادی کردی۔روزنامہ امروز ملتان جوائن کرنے کے بعد انتظامیہ نے انہیں بطور سینئر سب ایڈیٹر کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔ اسوقت اقبال ساگر صدیقی نیوز ایڈیٹر اور مسعود اشعر ایڈیٹر کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔انتظامیہ نے سید سلطان شاہ کی کارکردگی دیکھتے ہوئے 1986/87ئ میں انہیں روزنامہ امروز ملتان کا ایڈیٹر بنادیا سید سلطان شاہ نے بطور ایڈیٹر بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کیں جسکی وجہ سے وہ آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ تھے۔

سلطان شاہ کے درجنوں شاگرد اسوقت بھی ملک کے بیشتر شہروں میں اپنی صحافتی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔سید سلطان شاہ نے میڈیا سے متعلقہ تمام افراد کے حقوقِ کے لیے اپنی آواز بلند کیں اور کئی مرتبہ حکام بالا سے انکے جائز مطالبات بھی پورے کروائے جسکی وجہ سے تمام صحافتی برادری انہیں عزت و احترام دیتی تھی۔سید سلطان شاہ بہت ہی دھیمے لہجے کے مالک تھے اور خالصتاً اردو میں گفتگو کرتے تھے۔انکی وفات سے نا پر ہونیوالا خلائ پیدا ہوگیا ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں