ناقص کارکردگی کے حامل افسران کو کسی قسم کی رعایت نہیں دیں گے، چیف ایگزیکٹو میپکو

منگل 17 مئی 2022 23:43

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2022ء) چیف ایگزیکٹو آفیسرملتان الیکٹر ک پاور کمپنی( میپکو) انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے کہا ہے کہ ناقص کارکردگی کے حامل افسران کو کسی قسم کی رعایت نہیں دیں گے، لائن لاسز، ریکوری اور نادہندگان سے واجبات /بقایاجات کی وصولیوں کے مقرر کردہ اہداف کے حصول میں ناکام ہونے والے افسران اپنے آپریشن سرکلوں کی کارکردگی کے ذمہ دارہیں۔

سپریٹنڈنگ انجینئرز اپنے ماتحت ایگزیکٹو انجینئرز اور ایس ڈی اوز سے اتھارٹی ہدایات پر عملدرآمدکروائیں اور خلاف ورزی کرنے والے افسران کی رپورٹ فوری طورپر ہیڈ کوارٹر بھجوائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت توانائی (پاورڈویژن) کے احکامات کی روشنی میں صارفین کو سوشل میڈیا کے ذریعے معلومات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لئے کمپلینٹ ریڈریسل سسٹم شروع کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

میپکو ریجن کے زیر انتظام سب ڈویژنوں کی سطح پر کسٹمرفسیلی ٹیشن (سہولت کار) آفیسرز مقرر کئے گئے ہیں جو 11KVفیڈرز اور ٹرانسفارمرز کے حساب سے متعلقہ صارفین کو واٹس ایپ کے ذریعے بجلی بندش، بریک ڈاؤن، لوڈشیڈنگ اور بجلی سے متعلق شکایات کے اندراج اور ازالے کی سروسز فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ انہوں نے اپریل 2022 میں ریکوری کی ناقص صورتحال پر وہاڑی، ساہیوال، بہاولنگر اور رحیم یار خان سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز سے وضاحت طلب کرلی اور ملتان، خانیوال،ڈی جی خان، بہاولپوراور مظفرگڑھ سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو 100فیصد سے زائد ریکوری پر شاباش دی اورکہا کہ ریکوری ٹارگٹس پورے کرنے والے ایس ایز اپنی بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں جبکہ ناقص ریکوری کے حامل ایس ایز مئی 2022ءکے ریکوری اہداف کا حصول ممکن بنائیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں