ملتان میں یوم عاشورپر قدیمی استاد شاگرد کے تعزیوں سمیت 117ماتمی جلوس برآمد

منگل 9 اگست 2022 16:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2022ء) ملتان شہر سمیت پورے ضلع میں علم ،ذوالجناح اورتعزیئے کے روایتی جلوس برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتامی منازل کی طرف گامزن ہیں۔ملتان میں 130مجالس عزامنعقد ہوئیں جن میں ذاکرین اورعلماءکرام نے فلسفہ شہادت پرروشنی ڈالی اور حضرت امام حسین اوران کے جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔

27مجالس کو حساس قراردیاگیا تھا۔ یوم عاشور کے موقع پر مجموعی طورپر117ماتمی جلوس نکالے گئے ان میں 21جلوس اے کیٹگری میں شامل کیے گئے تھے۔ملتان میں تعزیوں کاسب سے بڑا جلوس استاد شاگرد کے تاریخی تعزیوں کی قیادت میں برآمد ہوا۔چوک حرم گیٹ پر مختلف تعزیوں کی صف بندی ہوئی جس کے بعد شاگرد کا تعزیہ واپس اپنے آستانے کی جانب چلاگیا جبکہ باقی جلوس مقررہ روٹ کی جانب روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گھنٹہ گھر میں بھی مختلف ماتمی جلوس جمع ہوئے جہاں عزاداروں نے نماز ظہرین ادا کی۔تعزیئے کے جلوس اہل سنت کی جانب سے بھی نکالے گئے جن میں استاد والا تعزیہ ،شاگردوالا ،رمضان والا،بکو خان والا،بھیڈی پوتراں،گیلانی والا،لودھی والا،سلیم الدین والا،رشید والا اوراحمد بخش والا قابل ذکر ہیں۔ان میں سے بیشتر تعزیئے دربار پاک مائی پر اختتام پذیرہوں گے۔

اہل تشیع کی جانب سے برآمدہونے والے 36تعزیوں کے جلوس کربلا شاہ شمس پر اختتام پذیرہوں گے۔یہ جلوس آستانہ لعل شاہ،ناصرہ آباد،امام بارگاہ جوادیہ،حویلی مر ید شاہ،سورج میانی،شیرشاہ،حسین آباد،آستانہ کوڑے شاہ،تھلہ سادات،لال کرتی،کمنگراں والا،کالے منڈی اوردیگرمقامات سے برآمدہوئے۔اس موقع پر ریسکیو 1122،محکمہ صحت اورسول ڈیفنس کی جانب سے مختلف مقامات پر طبی کیمپس بھی لگائے گئے تھے۔

میپکو ،واسا اور دیگر اداروں کے اہلکاربھی موجودتھے۔جلوس کے تمام راستوں کو سیل کردیاگیاتھا اور سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات تھیماتمی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھنے کے لیے ضلع ملتان پولیس کے کل4293پولیس افسران و اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض انجام دیئے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں