حکومت پنجاب ملتان سمیت صوبے کے 5بڑے شہروں کی ورکنگ خواتین کو سفری سہولیات کیلئے گلابی موٹرسائیکلیں دے گی،منصوبے سے صوبہ کے پانچ اضلاع کی 20ہزار ورکنگ خواتین مستفید ہونگی،صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے صوبائی ترقیاتی فورم نے منظوری دے دی

اتوار 26 فروری 2017 18:00

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 فروری2017ء) حکومت پنجاب نے ملتان سمیت صوبہ کے پانچ بڑے شہروں میں ورکنگ خواتین کو گلابی موٹرسائیکلیں دینے کا فیصلہ کرلیا ،پہلے مرحلے میں منصوبے سے صوبہ کے پانچ اضلاع کی 20ہزار ورکنگ خواتین مستفید ہونگی،منصوبے کے مطابق پنجاب کے پانچ اضلاع جن میں ملتان، لاہور فیصل آباد،راولپنڈی اور گوجرانوالہ شامل ہیں میں بیس ہزار خواتین کو گلابی رنگ کی موٹرسائیکلیں دی جائیں گی۔

حکومت پنجاب کے اس قدم سے جہاں ورکنگ خواتین کو سفری سہولیات میسر ہونگی وہیں پر عدم تحفظ کا شکار خواتین کی مشکلات میں بھی کمی واقع ہو گی۔مختلف شعبہ جات میں کام کرنے والی خواتین کو موٹر سائیکلیں ملنے کی صورت میں انہیں کام کی جگہ پر آنے اور جانے میں آسانی رہے گی اور خود انحصاری و تحفظ میں بھی اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

حکومت نے خواتین کیلئے مختص اس منصوبے میں موٹر سائیکلوں کا رنگ خصوصی طور پر گلابی رکھا ہے،صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے صوبائی ترقیاتی فورم نے خواتین کو موٹر سائیکلیں دینے کیلئے 90 ملین روپے کی منظوری دے دی ہے جبکہ اب رقم کی منظوری کے بعد اس پر جلد عملدرآمد ممکن ہوگا۔

واضح رہے کہ پہلے حکومت نے خواتین کو سکوٹی دینے کا اعلان کیا تھا تاہم حکومت پنجاب نے سکوٹی فار ورکنگ ویمن منصوبے میں تبدیلی کر دی ہے اور اب ورکنگ خواتین کو سکوٹی کے بجائے اٹلس ہنڈا موٹرسائیکلیں دی جائیں گی،ذرائع کے مطابق سکوٹی کو درآمد کرنے پر زیادہ اخراجات آنے کی وجہ سے حکومت پنجاب نے ہنڈا موٹرسائیکل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں