سرکاری تعلیمی اداروں کی بلدیاتی اداروں کو حوالگی کے حکومتی فیصلے کے خلاف اساتذہ کا احتجاج

جمعرات 8 اگست 2019 22:42

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2019ء) سرکاری تعلیمی اداروں کی بلدیاتی اداروں کو حوالگی کے حکومتی فیصلے کے خلاف ضلع بھر کی مختلف اساتذہ تنظیموں نے مقامی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ نظام تعلیم کو مزید تباہی کی طرف لیجانے کے بجائے پہلے سے موجود نظام کے نقائص کو دور کرکے قوم کا مستقبل محفوظ بنایا جائے۔

پنجاب ٹیچرز یونین کی سپریم کونسل کے رکن، ضلعی صدر اور ٹیچرز ایکشن کمیٹی پنجاب کے مرکزی رہنماسید فیاض الحسن گیلانی،ایلیمنٹری ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر شیخوپورہ ملک محمد رمضان، پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر محمد افضل مغل، چیئر مین شبیر احمد، پی ٹی یو تحصیل مریدکے کے صدر محمد انور بھٹی کی قیادت میں تحصیل بھرکے اساتذہ نے جی ٹی روڈ سے دفتر مریدکے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

پنجاب ٹیچرز یونین تحصیل مریدکے کے جنرل سیکرٹری حافظ تکمیل حسین، سیکرٹری اطلاعات سید سجادالحسن، چیئر مین سید عشرت کاظمی، فیاض حسین شیرازی،شہباز احمد، رانا محمد اشرف، اسامہ اکرم، ایلیمنٹری ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر یاسر عرفات بسراء، جنرل سیکرٹری محمد دلنواز بٹ سمیت دیگر رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب بھر کے چار لاکھ سے زائد اساتذہ سرکاری تعلیمی اداروں کو بلدیات کے حوالے کرنے کے فرسودہ بل کو مسترد کرتے ہیں اور انہیں بلدیاتی تعلیمی نظام قبول نہیں ہے۔

انہوںنے کہا کہ اس اقدام سے تعلیمی ادارو ں میں سیاست آئے گی اور نظام درہم برہم ہو جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ شعبہ تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں ہر آنے والی حکومت نے اس کے ساتھ تجربات کئے ہیں جو خاطر خواہ نتائج نہ دے سکے۔ انہوںنے کہا کہ اساتذہ نے ہمیشہ اپنی انتھک اور پیشہ وارانہ قابلیت کے باعث سرکاری تعلیمی اداروں سے بہترین نتائج دیئے ہیں۔

اساتذہ رہنماؤںنے کہا کہ غیر تعلیم یافتہ اور نا تجربہ کار عوامی نمائندوں کی مداخلت سے تعلیمی اداروں کا سارا نظام تباہ ہو جائے گا اور اساتذہ بد دلی کا شکار ہو کر پیشہ وارانہ سرگرمیوں سے دور بھاگیں گے۔ انہوںنے کہا کہ اگر حکومت نے اپنا فیصلہ تبدیل نہ کیا تو پنجاب بھر کے اساتذہ29اگست کو لاہور میں بھر پور احتجاجی مظاہرہ کریں گے جس کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں