پاک چین دوستی زندہ باد، چینی نوجوان نے پاکستانی دوشیزہ بیاہ لی

چینی نوجوان کی فیس بُک پر پاکستانی دوشیزہ سے ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 3 دسمبر 2018 10:58

پاک چین دوستی زندہ باد، چینی نوجوان نے پاکستانی دوشیزہ بیاہ لی
مریدکے (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2018ء) : سماجی رابطے کی ویب سائٹس جہاں دنیا بھر میں موجود لوگوں کو زمینی فاصلے کے باوجود قریب لاتی ہیں وہیں سوشل میڈیا سائٹس کی وجہ سے کئی رشتے بھی بنے ہیں۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ہوئی دوستیوں کی وجہ سے کئی پاکستانی نوجوانوں کو ان کے جیون ساتھی مل گئے لیکن اس مرتبہ سوشل میڈیا نے ایک پاکستانی دوشیزہ کو اس کے دلہے سے ملا دیا۔

پاک چین دوستی زندہ باد تو سنا تھا لیکن اب پاک چین دوستی رشتہ داری میں بھی بدلنا شروع ہو گئی ہے۔ چینی نوجوان پاکستانی دوشیزہ کو بیاہ لے گیا۔مریدکے کی ماہم اور مسٹر لی کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر دوستی ہوئی۔ ماہم کا تعلق مریدکے کی مسیحی برادری سے ہے۔ ماہم اور مسٹر لی کی کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کیا اور شادی کا فیصلہ کر لیا۔

(جاری ہے)

چینی نوجوان پاکستانی دوشیزہ کو بیاہنے آیا تو شادی کی تقریب مسیحی رسم و رواج کے مطابق ہوئی۔ شادی مریدکے کے مقامی کلیسا میں ہوئی جہاں دلہا دلہن کے قریبی عزیز اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔ تقریب میں آئے مہمانوں نے نو بیاہتا جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس سے قبل قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر مجیب الرحمان کی امریکی خاتون بریٹنی سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا اور بریٹنی پاکستان پہنچ کر رشتہ ازدواج میں بندھ گئی ۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی 21 سالہ کاشف کی محبت میں مبتلا 41 سالہ امریکی خاتون نے اپنا گھر بار اور ملک چھوڑا اور پاکستان پہنچ کر نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ کاشف سے شادی بھی کر لی۔ جس کے بعد امریکہ کی ایک اور خاتون لاہور کے رہائشی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچی۔23 سالہ محسن اور 19 سالہ ماریہ انجیلا کی سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر دوستی ہوئی، لیکن کچھ ہی عرصے کے بعد یہ دوستی پیار میں بدل گئی۔

محسن کی محبت میں گرفتار ہو کر 19 سالہ ماریہ انجیلا ہزاروں میل کا سفر طے کر کے لاہور پہنچ گئی اور شادی کر لی۔ جبکہ آن لائن گیم ''پوکر'' کھیلتے کھیلتے امریکی خاتون منڈی بہاؤالدین کے 26 سالہ نوجوان کی محبت میں مبتلا ہو گئی۔امریکی خاتون نے اپنی محبت کی خاطر امریکہ سے پاکستان پہنچ کر شادی کر لی۔ سوشل میڈیا پر ان شادیوں کے حوالے سے کئی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں