مریدکے ،لیسکو نے پہلا آل پاکستان قائد اعظم فلڈ لائٹ فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا

پیر 6 مئی 2019 23:52

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2019ء) لیسکو فٹ بال کلب نے پہلا آل پاکستان قائد اعظم فلڈ لائٹ فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میں ماشا فٹ بال کلب فیصل آباد کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی رانا تنویر حسین نے فائنل میں انعامات تقسیم کئے۔ رانا تنویر فٹ بال سٹیڈیم مریدکے میں ضلع کونسل شیخوپورہ کے تعاون سے پندرہ روز تک کھیلے جانے والے آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ میں ڈی ایف اے شیخوپورہ، ڈی ایف اے سیالکوٹ، ڈی ایف اے منڈی بہاؤ الدین، حیدری فٹ بال کلب مریدکے، ڈی ایف اے گجرات، سیف ٹیکسٹائل فٹ بال کلب، فٹ بال کلب مریدکے، این ٹی ڈی سی، لیسکو، گیپکو، شاہین فٹ بال کلب پشاور، ماشاء فٹ بال کلب فیصل آباد، پنجاب پولیس، ریئل لاہور فٹ بال کلب اور لائیلپور فٹ بال کلب نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

این ٹی ڈی سی اور ماشاء فٹ بال کلب کے درمیان پہلا جبکہ لیسکو اور گیپکو کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کھیلا گیا جن میں ماشاء فٹ بال کلب اور لیسکو کلب نے فائنل تک رسائی حاصل کی۔ ہزاروں افراد کے کراؤڈ میں کھیلے جانے والے دلچسپ فائنل کے آخری دسویں منٹ میں لیسکو فٹ بال کلب نے پہلا گول کیا اور اس برتری کو آخر تک برقرار رکھ کر ایک لاکھ روپے کیش اور بڑی ٹرافی کی حقدار ٹھہری۔

پچاس ہزار روپے کی نقدی اور چھوٹی ٹرافی رنر اپ ماشاء فٹ بال کلب فیصل آباد کے کپتان کو سونپی گئی۔ فٹ بال اکیڈمی مریدکے کے چیئر مین حاجی غلام محی الدین، وائس چیئر مین کپتان لیاقت علی بابر، انٹر نیشنل فٹ بالر محمد تنویر، راشد علی، رانا محمد عامر اور ان کی ٹیم کے ذریعے سجائے جانے والے شاندار فٹ بال میلے کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ انہوںنے مریدکے میں بین الاقوامی سطح کے فٹ بال اسٹیڈیم اور ملکی سطح کے کرکٹ سٹیڈیم کی بنیاد رکھی اور اس مقصد کے لیے متعدد سرکاری اداروں کے دفاتر کو منتقل کیا گیا ہے۔

کرکٹ میں مریدکے کے کھلاڑیوںنے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا اور اب فٹ بال کے کھلاڑی بھی بین الاقوامی اعزاز حاصل کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ کھیلوں کے میدان سجا کر ہسپتالوں کو ویران کیا جا سکتا ہے اس لئے موجودہ حکومت کو چاہئے کہ گزشتہ حکومتوں کے کھیلوں سے متعلقہ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے تاکہ ہماری نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہونے سے بچ سکے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں