مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں، کشمیریوںکی زبان بندی اور بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کے خلاف مریدکے پریس کلب کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:35

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں، کشمیریوںکی زبان بندی اور بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کے خلاف مریدکے پریس کلب کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا جو دفتر پریس کلب سے شرو ع ہو کر مین بازار سے ہوتی ہوئی جی ٹی روڈ پر پہنچی۔پریس کلب کی سپریم کونسل کے چیئر مین سید سجاد شیرازی، صدر شیخ ساجد علی ، چیئر مین سید قاسم علی شاہ اور سینئر صحافی سعادت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اس کے حواریوں کو حافظ سعید، مولانا مسعود اظہر اور دیگر جہادی تنظیموں سے کوئی تکلیف نہیں تھی بلکہ مقبوضہ وادی پر شب خون مارنے کا بہانہ تھا۔

انہوںنے کہا کہ کسی ایک خاتون پر ظلم کے خلاف بلند کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور مہذب ممالک لاکھوں کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف خاموش ہیں جو ان کی تہذیب پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیر میں میڈیا کو بھی قید کر دیا گیا ہے اور کشمیریوں کو لب کشائی کی اجازت نہیں۔ ایک کروڑ کے قریب انسانوں کو بے زبان کرکے دنیا کے منہ پر طمانچہ مارا گیا ہے مگر دنیا خاموش رہ کر ظلم کا ساتھ دے رہی ہے۔

انہوںنے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ وادی کشمیر سے بھارتی فوج کا کرفیو ختم کرائے اور اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے ورنہ اس کا اپنا وجود خطرے کا شکار ہو جائے گا۔ ہاتھوںمیں کشمیری میڈیا کی آزادی پر مشتمل پلے کارڈز اور بینرز تھامے صحافیوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے نعرے لگائے اور افواج پاکستان کا خون کے آخری قطرے تک ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں