وزیر اعظم عمران خان اپنے غرور اور تکبرّ پر اللہ تعالی سے معافی مانگیں ،رانا تنویر

جمعرات 2 اپریل 2020 20:55

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2020ء) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے غرور اور تکبرّ پر اللہ تعالی سے معافی مانگیں اور جھوٹے نعروں کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے انسانی زندگیوں کو کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ بنائیں۔

اپنے ایک آڈیو پیغام کے ذریعے رانا تنویر حسین نے کہا کہ نا اہل اور تعصب سے بھرے حکمرانوں کے 22کروڑ عوام پر ظلم اور نا انصافی کی سزا پوری قوم کورونا وائرس کے عذاب کی صورت میں بھگت رہی ہے اس لیے حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ اللہ تعالی سے معافی مانگیں تا کہ یہ عذاب ٹل سکے۔ چیئرمین پی اے سی نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈران حکومت کا ساتھ دینے کے لیے مختلف قسم کی تجاویز دے رہے ہیں لیکن انتقام کی آگ میں جلنے والے حکمران اسے سیاسی رنگ دے کر لاکھوں انسانوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنی استعداد کے مطابق مشکل کی اس گھڑی میں عوام کی خدمت کرنے میں مصروف ہے لیکن سلیکٹڈ حکمران صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے زبانی جمع خرچ میں مصروف ہیں۔ لیگی رہنما نے کہا کہ غیر ذمہ دار اور نا تجربہ کار وزراء نے اپنی نا اہلی چھپانے کے لیے پہلے ایک فرقے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اب تبلیغی جماعت پر الزام تراشیاں کرکے حالات خراب کرنے کی چنگاریا ں سلگائی جا رہی ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار وزیر اعظم نے آج تک اپنے خطاب گالم گلوچ کرنے والے اپنے کارکنوں کو علماء کرام، سیاسی شخصیات، صحافیوں ، عدلیہ، وکلاء سمیت دیگر کو گالیاں دینے سے نہیں روکا جس کے باعث ملک میں باہمی دشمنیاں جنم لے رہی ہیں۔ انہوںنے ملک کے ذمہ دار اہم اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ملکی ساکھ کو کمزور کرنے والے عناصر کی سرکوبی کے لیے اقدامات کریں۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں