مریدکی: موٹر سائیکل کے المناک حادثہ میں دو بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد کو مریدکے اور نواحی علاقہ میں دفن کر دیا گیا

جمعہ 29 مئی 2020 23:39

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2020ء) موٹر سائیکل کے المناک حادثہ میں دو بھائیوں سمیت ایک ہی خاندان کے تین افراد کو مریدکے اور نواحی علاقہ میں دفن کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ پورا علاقہ تین نوجوانوں کی اچانک موت کی خبر پر پر نم رہا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سلامت پورہ کے محمد افضل کا 17سالہ بیٹا سنی اپنے 15سالہ بھائی ذین اور 18سالہ پھوپھی زاد بھائی کہوان کے ہمراہ ہنڈا125موٹر سائیکل پر سوار ہو کر نائیانوالہ فارم سے مریدکے کی طرف آ رہے تھے کہ جی ٹی روڈ پر میکڈونلڈ کے قریب تیزر فتار ٹرک نے انہیں کچل ڈالا جس سے ایک نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دو ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔

دونوں سگے بھائیوں کو سلامت پورہ جبکہ ان کے پھوپھی زاد کو نائیانوالہ فارم کے علاقہ میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں دفن کر دیا گیا۔ تین جوان لڑکوں کی اچانک موت کی خبر نے پورے علاقہ کو غمزدہ کر دیا جبکہ مرحومین کے والدین اور دیگر رشتہ داروں پر غشی کے دورے پڑتے رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ کی جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کے باعث روزانہ کئی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں مگر حکومت اس کی مرمت کی طرف توجہ نہیں دی رہی۔ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جبکہ پولیس نے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں