وزیر اعلی پنجاب کی مریدکے آمد کی خبر، پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کی دوڑیں لگ گئیں .

سرکاری ادارے دن بھرعثمان بزدار کا انتظار کرتے رہے مگر وہ موٹر وے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے

منگل 8 جون 2021 23:04

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2021ء) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی مریدکے آمد کی خبروںنے پولیس اور دیگر سرکاری اداروں کی دوڑیں لگوا دیں۔ محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری ادارے دن بھر وزیر اعلی پنجا ب کا انتظار کرتے رہے مگر وزیر اعلی پنجاب موٹر وے کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے آمد متوقع تھی جس پر پولیس اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام سرکاری ادارے دن بھر ہائی الرٹ رہے۔

(جاری ہے)

مقامی تھانوں کے کونے کونے کو صاف کر دیا گیا جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے مریضوں کو بھی ایک دن کے لیے اچھا اخلاق اور صاف ستھری چادریں میسر آ گئیں۔ ڈاکٹر مستعدی کے ساتھ پورے وقت تک مریضوں کو چیک کرتے رہے جبکہ ٹائیگر فورس کے جوان بھی سارا دن تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کی کمانڈ سنبھال کر کھڑے رہے۔ تمام سرکاری ادارے دن بھر ایک دوسرے سے وزیر اعلی کی آمد بارے پوچھتے رہے مگر اسلام آباد سے لاہور آنے کے دوران مریدکے رکنے کا پروگرام ترتیب دینے والے وزیر اعلی پنجاب رات کے پچھلے پہر بذریعہ موٹر وے لاہور پہنچ گئے۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں