امریکا: ریفریجریٹڈ ٹرالر میں چھپے 78 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

جمعرات 16 اگست 2018 15:00

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2018ء) امریکی بارڈر فورس نے ریفریجریٹڈ ٹرالر میں چھپے ہوئے 78 غیر قانونی تارکین وطن افراد کو حراست میں لے لیا، جن میں بھارتی شہری بھی شامل ہیں۔این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی بارڈر پیٹرول ایجنٹس نے گزشتہ ہفتے ٹیکساس کے ایک چیک پوائنٹ پر ایک لاک کیے گئے ریفریجریٹڈ ٹرالر میں سے 78 افراد کو گرفتار کیا، جو غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہو رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ان افراد کی صحت ٹھیک تھی، جن میں بھارت، ہنڈراس، ایل سلواڈور، میکسیکو، گوئٹے مالا، ارجنٹینا، کیوبا، نائیجیریا، چلی اور ترکی کے باشندے شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی بارڈر فورسز نے ہیوسٹن اور دیگر سرحدی علاقوں میں پانچ روز کے دوران غیرقانونی طریقے سے امریکا میں داخل ہونے والے 100 سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق امریکی بارڈر فورس کا کہنا ہے کہ کچھ افراد کو غیرقانونی داخلے اور ڈی پورٹ کیے جانے کے بعد دوبارہ سے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخلے کے جرم میں مجرمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔دوسری جانب وہ افراد جن کے خلاف مقدمہ نہیں چلایا جائے گا، انہیں امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کی تحویل میں رکھا جائے گا اور پھر امریکا سے بے دخل کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں