اپوزیشن جماعتیں صدر مملکت کیلئے مشترکہ امیدوار لانے کیلئے رضامند ہوگئیں

عید الاضحیٰ کے فوری بعد مری میں اپوزشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوگا، اجلاس میں صدر مملکت کے عہدے کیلئے مشترکہ امیدوار کے نام کا فیصلہ کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 21 اگست 2018 21:30

اپوزیشن جماعتیں صدر مملکت کیلئے مشترکہ امیدوار لانے کیلئے رضامند ہوگئیں
مری (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21اگست 2018 ء) اپوزیشن جماعتیں صدر مملکت کیلئے مشترکہ امیدوار لانے کیلئے رضامند ہوگئیں، عید الاضحیٰ کے فوری بعد مری میں اپوزشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوگا، اجلاس میں صدر مملکت کے عہدے کیلئے مشترکہ امیدوار کے نام کا فیصلہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد شکست سے دوچار ہونے والی جماعتوں نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے تحریک انصاف کیخلاف مشترکہ اتحاد قائم کر لیا تھا۔

اس مشترکہ اپوزیشن اتحاد میں پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی، جمیعت علماء اسلام فضل الرحمان، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر شامل تھیں۔ تاہم بعد ازاں قومی اسمبلی میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کے انتخاب کے عمل کے حوالے سے مذکورہ اپوزیشن اتحاد کوئی مشترکہ امیدوار لانے میں ناکام رہا۔

(جاری ہے)

اسی باعث یہ اتحاد کسی مقصد کے حصول کے بغیر ہی منتشر ہوگیا تھا۔

اب یہ اتحاد دوبارہ سے متحرک ہوگیا ہے۔ پاکستان میں عام انتخابات اور حکومت قائم ہونے کے بعد صدر مملکت کے انتخاب کے سلسلے میں الیکشن کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ الیکشن اگلے ماہ ہوگا جس کے بعد موجودہ صدر مملکت ممنون حسین اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ ملک کے نئے صدر مملکت کیلئے تمام صوبائی اسمبلیوں، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ووٹنگ کروائی جائے گی۔

تحریک انصاف کی جانب سے صدر مملکت کیلئے عارف علوی کو نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے ابتدائی طور پر اعتزاز احسن کا نام تجویز کیا، تاہم اب اسے واپس لے لیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس عید کے فوری بعد مری میں منعقد کیا جائے گا۔

اس اجلاس کی صدارت صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کریں گے۔ اجلاس میں صدر مملکت کیلئے مشترکہ امیدوار کے نام کا فیصلہ کیا جائے گا۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ مسلم لیگ ن اعتزاز احسن کو بطور صدر مملکت کے امیدوار کے قبول کرنے سے انکار کر چکی ہے۔ اس لیے مری اجلاس میں کسی دوسرے امیدوار کے نام کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں