مریدکے ،مسلم لیگ ن نے ہر الزام فوج پر لگا کر حماقت کی تھی جس کا خمیازہ وہ ابھی تک بھگت رہی ہے، رحمت خان وردگ

اتوار 16 ستمبر 2018 20:50

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2018ء) تحریک استقلال کے سربراہ رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہر الزام فوج پر لگا کر حماقت کی تھی جس کا خمیازہ وہ ابھی تک بھگت رہی ہے، عمران خان کو 100کے بجائے 365دن کا وقت دیا جائے تاکہ عوام ان کی حقیقی کارکردگی کا جائزہ لے سکیں۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم کی تعمیر کا بیڑا اٹھا کر محفوظ پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے اور اب قوم کا فرض ہے کہ ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

پارٹی کے ضلعی چیئر مین سید قاسم علی شاہ ، مرکزی رہنما خان افسر خان اور میاں محمد افضل کے ہمراہ اپنے مقامی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رحمت خان وردگ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے اور ڈیم مخالف سیاسی رہنما اور طاقتیں عوام کو بھوکوں مارنے کے درپے ہیں لہذا ان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے مزید کہا کہ چیف جسٹس نے واضع طور پر کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم اتفاق رائے سے ہی بنائیں گے اور ٹیکنیکی بنیادوں پر صوبوں کے اعتراضات کو دور کیا جائے گا لیکن حقائق سے لا علم اختر مینگل اور ناصر شاہ اس پر اعتراض کرکے اپنے عوام سے دشمنی کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں سب کچھ چھوڑ کر پہلے کالا باغ ڈیم بنانا چاہئے جس سے ہماری زمینوں کو 6.7ملین فی ایکڑ پانی میسر آئے گا اور ملک کی زراعت زندہ ہو جائے گی۔

تحریک استقلال کے سربراہ نے مزید کہا کہ خوراک کا محتاج بنا کر قوم کو بھوکا ننگا رکھنا عالمی ایجنڈا ہے اور قوم کو چاہئے کہ وہ ڈیم مخالف سیاستدانوں کو مسترد کر دیں۔ انہوںنے کہا کہ کالا ڈیم سے سندھ کو کوئی نقصان نہیں ہو گا، ٹھٹھہ کی لاکھوں ایکٹر زمین سیم اور تھور کا شکار ہے، عدالت عظمی کو چاہئے کہ وہ سندھ سمیت دیگر صوبوں کے اعتراضات پر بحث کرکے قابل اعتراض معاملات کو ختم کرے اور سندھ بھر کی تمام چھوٹی بڑی نہروں کو پختہ کیا جائے تا کہ پانی کا ضیاء روکا جا سکے۔

انہوںنے مزید کہا کہ ڈیم سیاستدان نہیں بلکہ ٹیکنیکل افراد بناتے ہیں اور سندھ میں ڈیم مخالف قوتوںکی اپنی کوئی زمینیں نہیں ہیں جبکہ ان کی مخالفت کے باعث32ملین ایکٹرفٹ پانی سمندر برد ہو رہا ہے۔ رحمت وردگ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کا سب سے ذیادہ فائد ہ کے پی کے کو ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ڈیم کی تعمیر کے لیے قدم اٹھایا ہے اس لیے حکومت کو چاہئے کہ وہ خود کریڈٹ لینے کے بجائے انہیں کریڈٹ دے اور ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ڈیم کی تکمیل تک انہیں ذمہ داری سونپ دے۔

تحریک استقلال کے سربراہ نے مزید کہا کہ بھارت، افغانستان، ایران اور پاکستان50سال کے لیے جنگ بندی کا سمجھوتہ کرکے اپنے ممالک کو معاشی طاقت بنائیں ورنہ امریکہ اور یورپ انہیں ختم کر دیں گے۔انہوںنے پی ٹی آئی حکومت کو تجویز دی کہ وہ پارلیمنٹ کے ذریعے کرپشن اور ملاوٹ کرنے والوں کے لیے سزائے موت کا قانون لائیں تا کہ ملک مسائل سے نجات حاصل کر سکے۔ پریس کانفرنس کے دوران رحمت خان وردگ نے کہا کہ ان کی کیرج گاڑیاں روزانہ پانچ ہزار روپے کی رقم ڈیم فنڈ میں جمع کرائیں گی اور یہ سلسلہ ڈیم کی تکمیل تک جاری رہے گا ۔ا نہوں نے قوم اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ بھی ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر ملک مستقبل محفوظ بنائیں۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں