وزیراعظم سے زلمے خلیل زاد اور ایمنسٹی انٹر نیشنل کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو نے وزیراعظم کو تنظیموں کی عوام تک رسائی میں رکاوٹوں سے آگاہ کیا پاکستان امن عمل کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، امید ہے فریقین کے درمیان مذاکرات جلد بحال ہو جائیں گے، زلمے خلیل زاد سے گفتگو

اتوار 22 ستمبر 2019 23:10

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) امریکہ کے دورے پر موجود پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے افغان امن عمل کیلئے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل اور ایمنسٹی انٹر نیشنل کے سیکرٹری سے الگ الگ ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے کشمیر کی بگڑتی ہوئی صو رتحال سے آگاہ کیا ۔ اتوار کویہاں وزیر اعظم عمران خان سے نیو یارک میں ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نایڈو نے ملاقات کی ۔

وزیر اعظم نے مقبوضہ جموں اور کشمیر میں حالیہ واقعات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں آیمنیسٹی انٹرنیشنل کے کردار کو سراہا۔ ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے سیکریٹری جنرل کومی نائیڈو نے وزیر اعظم کو ہندوستان کی حکومت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی تنظیموں کی عوام تک رسائی اور انکے کام میں ڈالے جانے والی رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کی امریکی خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد کیساتھ ملاقات میں افغانستان میں امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ پاکستان نے افغان طالبان سمیت تمام فریقین کو ایک میز پر اکٹھا کیا، پاکستان امن عمل کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ امید ہے فریقین کے درمیان مذاکرات جلد بحال ہو جائیں گے۔ زلمے خلیل زاد نے افغان عمل کی کامیابی کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد کی وزیر اعظم سے ملاقات چالیس منٹ تک جاری رہی ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے ۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں