امریکا میں سب سے بڑا ذہنی مریض ڈونلڈ ٹرمپ ہے‘گلوکارہ ریانا

گلوکارہ نے دہشت گردی کے دو واقعات میں ملوث افراد کو دہشت گرد نہ کہنے پر صدرٹرمپ کو ذہنی مریض قراردیا

اتوار 13 اکتوبر 2019 13:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2019ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو متعدد شخصیات کئی بار تنقید کا نشانہ بنا چکی ہیں اور اب معروف پاپ گلوکارہ ریانا نے بھی ان پر تنقید کے تیر برسا دیئے۔اپنے ایک انٹرویو میں ریانا نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکا کا سب سے بڑا ذہنی مریض قرار دیا۔ریانا نے امریکی صدر کو ان کے ایک بیان کی وجہ سے انہیں ذہنی مریض قرار دیا۔

پاپ گلوکارہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو رواں سال اگست میں امریکی ریاست ٹیکساس اور اوہائیو میں ہونے والے دہشت گردی کے 2 واقعات میں ملوث افراد کو دہشت گرد نہ کہنے پر انہیں ذہنی مریض قرار دیا۔خیال رہے کہ رواں برس اگست میں 2 سفید فام دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 20 سے زائد افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ان واقعات کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدید مذمت کی تھی البتہ ان واقعات کو دہشت گردی کہنے کے بجائے انہیں ذہنی بیماری سے تشبہہ دی تھی۔

(جاری ہے)

اس بیان کے بعد 31 سالہ ریانا نے ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آپ نے دہشت گردی کو شاید غلط انداز میں لکھ دیا آپ کے ملک میں دو دہشت گردوں نے تقریباً 30 معصوم افراد کی جان لے لی۔اور اب ووگ میگزین کو دیے ایک انٹرویو میں ریانا نے دوبارہ اس ہی واقعے پر بات کی۔گلوکارہ کا کہنا تھا کہ یہ تباہ کن بات ہے لوگ ان ہتھیاروں سے مارے جارہے ہیں جو جنگ میں استعمال ہوتے ہیں اور قانونی طور پر ان کی خرید و فروخت بھی جاری ہے یہ بات نارمل نہیں۔

گریمی ایوارڈ حاصل کرنے والی ریانا نے کہا کہ اور اگر ایسے قاتلوں کو ان کی رنگ و نسل کے باعث کچھ اور نام دیا جائے تو یہ نسل پرستی ہے۔ریانا کے مطابق عربی نسل سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کے ہاتھوں میں یہ ہتھیار دیں اور وہ اس ہی طرح گولیاں چلائے تو پھر ڈونلڈ ٹرمپ کبھی اسے ذہنی مریض نہیں کہیں گے، امریکا میں اس وقت اگر کوئی سب سے بڑا ذہنی مریض ہے تو وہ امریکی صدر خود ہیں۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں