نو منتخب جوبائیڈن نے ایک اور پاکستانی کو اہم ملکی ذمہ داری دیدی

سلمان احمد اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں پالیسی پلاننگ کے سربراہ کی حیثیت سے تعینات

اتوار 17 جنوری 2021 20:10

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2021ء) امریکا کے نو منتخب صدر نے پاکستانی نڑاد سلمان احمد کو اپنی خارجہ پالیسی کی ٹیم میں شامل کرلیا اس سے قبل جو بائیڈن ایک اور پاکستانی کو اپنی ماحولیات کی ٹیم میں اہم عہدہ تفویض کرچکے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستانی نڑاد امریکی شہری سلمان احمد کو امریکی وزارت خارجہ میں بطور ڈائریکٹر پالیسی پلاننگ کی ذمہ داری تفویض کردی ہے۔

سلمان احمد اس سے قبل سابق صدر اوباما کے دور میں نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اسٹریٹجک پلاننگ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔بین الااقوامی تعلقات کے پروفیسر اور ریسرچ اسکالر سلمان احمد اوباما دور میں اہم ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ امریکی مشن کے چیف آف اسٹاف اور اقوام متحدہ میں امریکی مستقل نمائندے کے سینئر پالیسی ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وہ اقوام متحدہ میں 15 سالہ مختلف عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔ وہ انٹرنیشنل افیئرز اور معاشیات میں ماسٹرز کی ڈگری رکھتے ہیں۔اسی طرح جو بائیڈن نے مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے سمیرا علی اور عائشہ شاہ کو بھی اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ سمیرا علی نیشنل اکنامک کونسل جب کہ عائشہ شاہ کو وائٹ ہاؤس ڈیجیٹل اسٹریٹجی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔علاوہ ازیں بھارتی مسلم خاتون عذرا ضیا کو ہتھیاروں کی روک تھام،جمہوریت اور انسانی حقوق کا انڈر سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔قبل ازیں گزشتہ ماہ ہی نومنتخب امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستانی نڑاد امریکی شہری علی زیدی کو ڈپٹی نیشنل کلائمیٹ ایڈوائزر کی حیثیت سے اپنی ماحولیاتی ٹیم میں شامل کیا تھا۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں