مری میں کافی بنانے والی مشین دھماکے سے پھٹ گئی، لڑکی جاں بحق

دھماکے میں خاتون سمیت 3 افراد شدید زخمی، جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل ، ریسکیو حکام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 5 اگست 2021 19:48

مری میں کافی بنانے والی مشین دھماکے سے پھٹ گئی، لڑکی جاں بحق
مری (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 5 اگست 2021 ) مری میں کافی بنانے والی مشین دھماکے سے پھٹ گئی، مشین کے پاس کھڑی لڑکی جاں بحق ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق مری میں کافی بنانے والی مشین پھٹنے سے لڑکی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔نجی ٹیلی ویژن چینل کے مطابق مری میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، کافی بنانے والی مشین پھٹنے سے قریب کھڑی لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مال روڈ پر کافی بنانے والی مشین دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مری کے علاقے سالگراں میں سیاحوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔جاں بحق ہونے والوں میں گاڑی کا ڈرائیور عمران اور نوید اکبر شامل تھے جبکہ زخمیوں میں محمد فاروق ،ارسلان محمد ارشاد ،خیرالدین اعظم ،عمران شامل تھے، حادثہ گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا تھا۔

اسی طرح مری پنڈی پوائنٹ پر پرائیویٹ ٹرانسپورٹ عملہ کی جانب سے سیاحوں سے لڑائی جھگڑے، گالم گلوچ اور ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق سی پی او محمد احسن یونس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔ مری پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیاح فیملی سے جھگڑا کرنے، ہراساں کرنے اور سڑک پر ہنگامہ کرنے والے 2 ملزمان حارث اور تیمور کو گرفتار کر لیا۔

ملزم حارث لوکل ٹرانسپورٹ کا ڈرائیور اور تیمور اس کا ساتھی ہے۔ سیاح فیملی کی جانب سے واقعہ کی رپورٹ نہ کرنے پر مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔سی پی او محمد احسن یونس نے کہا کہ سیاح فیملیز قابل احترام ہیں ان کے ساتھ لڑائی جھگڑا یا ہراساں کرنا برداشت نہیں کیا جائے گا، مری آنے والے سیاحوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے جسے یقینی بنایا جائے گا، سیاح فیملیز کے ساتھ ناروا سلوک یا لڑائی جھگڑے کے کسی بھی واقعہ پر متاثرہ فیملی رپورٹ نہ بھی کرے تو مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا جائے گا۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں