مری میں ایک مرتبہ پھر سیاح برفباری کے دوران پھنس گئے

ملکہ کوہسار میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری، ٹھنڈے جنگل کے علاقے میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں

muhammad ali محمد علی منگل 25 جنوری 2022 18:50

مری میں ایک مرتبہ پھر سیاح برفباری کے دوران پھنس گئے
مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری2022ء) مری میں ایک مرتبہ پھر سیاح برفباری کے دوران پھنس گئے، ملکہ کوہسار میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری، ٹھنڈے جنگل کے علاقے میں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مشہور سیاحتی مقام مری میں ایک مرتبہ پھر برفباری کے دوران سیاحوں کے پھنس جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملکہ کوہسار میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران ٹھنڈے جنگل نامی علاقے میں ٹریفک جام کے باعث سیاحوں کی بڑی تعداد پھنس گئی۔

ریسکیو حکام کی جانب سے اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ٹھنڈے جنگل کے علاقے میں برفباری کے باعث پھسلن زیادہ ہے، اسی باعث اس علاقے میں ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوا۔

(جاری ہے)

اس صورتحال میں ریسکیو اہلکار ٹریفک کھلوانے اور سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ مری میں موجود سیاحوں کی تعداد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صبح 5 سے شام 5 بجےتک سیاحوں کی 590 گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں اور 367 باہر آئیں، مری میں اس وقت سیاحوں کی 692 کے قریب گاڑیاں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل ہی مری میں برفباری کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا تھا۔ ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے پر محکمہ موسمیات اور ٹریفک ڈپارٹمنٹ نے سیاحوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ۔ بتایا گیا کہ شام5 سے صبح 5بجے تک سیاحوں کے مری میں داخلے پر مکمل پابندی ہو گی۔ تلقین کی گئی ہے کہ مری جانے والے سیاح محتاط رہیں، برفباری کے دوران پھسلن سے بچنے کیلئے ٹائرز میں ہوا کا دباؤ کم رکھیں اور ٹائرز پر چین کا استعمال کریں۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مری اور رابطوں سڑکوں سے فوری طور پر برف ہٹانے کا بندوبست کیا جائے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے مزید ہدایت کی کہ مری میں سیاحوں کو کسی قسم کی کوئی دشواری نہیں ہونی چاہیئے اور مری میں گاڑیوں کی مقررہ تعداد سے زیادہ آمد پر پابندی یقینی بنائی جائے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں