مریدکے‘مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق پی ٹی آئی رہنما سجاد خان ،بیٹے اور بھائی شاہد خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

جمعرات 23 جون 2022 16:45

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2022ء) مخالفین کی فائرنگ سے جاں بحق پی ٹی آئی رہنما سجاد خان اوراس کے 22 سالہ بیٹے حمزہ اور بھائی شاہد خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی .نماز جنازہ میں پی ٹی آئی کی کسی اہم شخصیت نے شرکت دیکھنے میں نہ آئی آبادی ریانپورہ کے تمام کاروباری مراکز سوگ میں بند رہے جبکہ جنازوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

باپ بیٹے اور بھائی کے تینوں اکٹھے جنازے جب انکی رہائش گاہ حسین ٹاون سے اٹھے تو کہرام مچ گیا ہر آنکھ اشکبار ہوگئی ۔مقتولین کے ورثا نے احتجاج کرتے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔مقتول سجاد خان دو بیٹوں اور ایک بیٹی کا باپ تھا جبکہ اسکا بھائی شاہد خان چار بچوں کا باپ تھا بیٹا حمزہ ایف اے کا طالبعلم تھا مقتولین کے بچے نعشوں سے لپٹ کر روتے رہے ۔

(جاری ہے)

شاہدرہ پولیس نے مقتول سجاد خان کے بھائی اعجاز خان کی رپورٹ پر آصف عرف ٹینا عقیل عمران حیدر بٹ کاکا سرفراز صابراں محمد حسین ایک خاتون اور پانچ نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔مقتول سجاد خان پی ٹی آئی کا سرگرم رہنما تھا اور اس کا گڈز /ٹرکوں کا اڈا تھا کالاشاہ کاکو کیمیکل فیکٹری سے ڈیڑھ سو ٹرک کے ذریعے کیمیکل سپلائی کرتا تھا ۔

علاقہ میں غریب غربا کی مدد کی وجہ سے ہر ایک کی آنکھ کا تارا تھا ،دو سال قبل حسین ٹاون سے ملحقہ آبادی ضیا آباد کے عامر آرائیں گروپ سے معمولی بات پر دشمنی کا آغاز ہوا ۔عامر آرائیں کا ایک بھائی پولیس مقابلہ میں مارا گیا جبکہ عامر آرائیں مبینہ طور پر سجاد خان پر حملہ کے دوران مارا گیا جسکا مقدمہ سجاد خان پر درج ہوا سجاد خان چند ہفتوں بعد رہا ہوکر آگیا ۔اسی قتل کی بدھ کے روز تاریخ تھی کہ مخالفین کے ہاتھوں مارا گیا ۔سجاد خان کے بھائی بیٹے سمیت قتل کے بعد آرائیں گروپ گھروں کو تالے لگاکر روپوش ہوگیا جنکی تلاش میں لاہور اور شیخوپورہ پولیس جگہ جگہ چھاپے ماررہی ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں