ایران میں حکومت مخالف مظاہرین کی حمایت کرتے ہیں، ٹرمپ کا اعلان

منگل 17 جولائی 2018 16:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین کی حمایت کرنے کا اعلان کر دیا۔ ایران میں مہنگائی کے خلاف عوام سڑکوں پر ہے۔ غیر ملکی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا کے ایرانی جوہری معاہدے سے علاحدگی کے بعد سے ایران میں احتجاج اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ امریکا مظاہرین کی حمایت کرتا ہے۔پیر کے روز امریکی چینل "فوکس نیوز" کے ساتھ انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ان کے یہاں ہر شہر میں ہنگامہ آرائی ہو رہی ہے اور مہنگائی نے پر پھیلا رکھے ہیں"۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو ہلسنکی میں اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوتین کے ساتھ سربراہ ملاقات کے بعد گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ "یہ(ایرانی) نظام نہیں چاہتا کہ لوگوں کو اس بات کا معلوم ہو کہ ہم 100% ان کے پیچھے کھڑے ہیں"۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ جون میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ان ایرانیوں کے لیے اپنی حمایت کو باور کرایا تھا جو اپنی حکومت کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ پومپیو نے ایرانی حکومت پر "بدعنوانی، ظلم اور نا اہلیت" کے الزامات عائد کیے تھے۔رواں برس مئی میں ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے علاحدگی اور ایران پر امریکی اقتصادی پابندیاں سخت کرنے کے اعلان کے بعد سے تہران حکومت کو اقتصادی بدانتظامی کے سبب عوام کے بڑھتے ہوئے غم و غصے کا سامنا ہے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں