افغانستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر دوبارہ جنگ بندی کا امکان

جنگجوؤں کے لیے طبی سہولیات، انسانی امداد کی فراہمی ، قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقات کرائی جائیگی ،امریکی ذرائع

جمعہ 20 جولائی 2018 12:20

افغانستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر دوبارہ جنگ بندی کا امکان
کابل/واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2018ء) امریکا اور افغان حکومت کی جانب سے مشترکہ طور پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک مرتبہ پھر افغان طالبان کے ساتھ جنگ بندی کیے جانے کی کوششیں جاری ہیں۔اس سے قبل رواں برس جون میں افغانستان کے 3 ہزار مذہبی علما کی جانب سے فتویٰ دیا گیا تھا جس کے نتیجے میں افغانستان میں پہلی مرتبہ جنگ بندی عمل میں آئی تھی اور حریف جنگجوؤں کو ایک دوسرے کے ساتھ گھلنے ملنے کا موقع ملا۔

بعدازاں، افغان صدر اشرف غنی کی جناب سے 8 روزہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد اس کی مدت میں مزید 8 روز کی توسیع کردی گئی تھی، جبکہ طالبان جنگجوؤں کو مفت طبی سہولیات اور انسانی امداد کی فراہمی کی پیشکش بھی کی تھی۔اس کے علاوہ افغان حکومت کی جانب سے طالبان قیدیوں کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت بھی دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ کے سفارتی ذرائع کا کہنا تھاکہ عیدالاضحیٰ کی 3 روزہ تعطیلات کے موقع پر افغان حکومت طویل مدت کے لیے جنگ بندی کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔

متوقع طور پر ایک ماہ پر محیط آئندہ جنگ بندی کے دوران حکومت کی جانب سے دوبارہ طالبان جنگجوؤں کے لیے طبی سہولیات، انسانی امداد کی فراہمی اور قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے گی۔خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے طویل عرصے سے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے حوالے امریکا سے براہِ راست مذاکرات کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے، لیکن وہ افغان حکومت کو اس مذاکراتی عمل کا حصہ نہیں بنانا چاہتے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں