میریٹ ہوٹلز کے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا چین نے چوری کیا، امریکا کا الزام

جمعرات 13 دسمبر 2018 22:42

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2018ء) امریکی اسٹیٹ سیکریٹری مائیک پومپیو نے میریٹ انٹر نیشنل ہوٹلز کے صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے میں چین کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سیکریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے فاکس نیوز کے پروگرام ’ فاکس اینڈ فرینڈز ‘ میں تصدیق کی کہ حکومت کا موقف ہے کہ میریٹ میں صارفین کے ڈیٹا کی چوری میں چین ملوث ہے۔

انہو ں نے فاکس نیوز کے پرگرام میں بتایا کہ چین نے دنیا بھر میں سائبر حملے کیے ہیں۔مائیک پومپیو نے کہا کہ ہم چین کو اسٹریٹیجک مقابل مانتے ہیں ،ْوہ جنوبی چین کے سمندر میں اقدامات کررہے ہیں ،ْوہ (چینی) یہاں امریکا میں جاسوسی سے متعلق آپریشن بھی کررہے ہیں۔امریکا کی جانب سے چین پر میریٹ ہوٹلز کے ڈیٹا ہیکنگ کا الزام واشنگٹن اوربیجنگ کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی اور جاسوسی کی وجہ سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے کینیڈا نے امریکا کی درخواست پر چین کی ٹیلی کام کمپنی ہواوے کی چیف فنانشل ایگزیکٹو مینگ وانژو کو گرفتار کیا تھا۔مینگ وانژو پر ایران پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی اور امریکا کے ساتھ دھوکا دہی کے الزامات عائد تھے تاہم اس کے بعد چین نے کینڈا کے سابق سفیر مائیکل کوورگ کو چین میں گرفتار کیا تھا، جو انٹرنیشنل کرائسز گروپ کیلئے ملازمت کرتے ہیں۔مزید برآں آئندہ ہفتے امریکا کی جانب سے چینی ملٹری اور انٹیلی جنس ہیکرز پر نئے الزامات عائد کیے جانے کے امکانات ہیں۔گزشتہ روز امریکا نے چینی کمپنی ینتائی جیری آئل فیلڈ سروسز گروپ پر امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے پر 28 لاکھ ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں