امریکی ویزہ ہولڈرکو پابندیوں سے استثنیٰ،نئے حکمنامے کا مسودہ

دہری شہریت،گرین کارڈہولڈرزبھی پابندی سے مستثنی،باقی حکمنامہ برقراررہے گا،ٹرمپ انتظامیہ

منگل 21 فروری 2017 11:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پابندیوں کے نئے حکم نامے کا مسودہ سامنے آ گیا ہے، جس میں عدالت کی جانب سے معطل کر دیے جانے والے سابقہ حکم نامے میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس مسودے میں پابندیوں کے شکار ان ممالک کے ایسے شہریوں کو جن کے پاس امریکا کا ویزا ہے اور وہ اب تک استعمال نہیں ہوا ہے، امریکا میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

اس کے علاوہ گرین کارڈز ہولڈرز اور دوہری شہریت کے حامل افراد کو بھی ان پابندیوں سے مبرا کر دیا گیا ۔ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وفاقی عدالتوں کی جانب سے صدر ٹرمپ کے اصل حکم نامے کو معطل کر دیے جانے کے بعد اس نئے حکم نامے میں کچھ قانونی پہلوؤں کو نظر میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اس مسودے میں حکام کو مہاجرین کی نئی ویزا درخواستیں قبول کرتے ہوئے، شامی شہریوں کو نشانہ بنانے، یا ان کی درخواستیں مسترد کرنے سے متعلق بھی ہدایات نہیں دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ کے دستخطوں تک اس مسودے میں مزید کچھ تبدیلیاں آ سکتی ہیں، تاہم جلد ہی یہ مسودہ باقاعدہ طور پر پیش کر دیا جائے گا۔اس نئے حکم نامے سے متعلق جب وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز سے پوچھا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ ایک مسودہ عہدیداروں میں تقسیم کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی مسودہ جلد ہی جاری کر دیا جائے گا۔ امریکی محکمے ہوم لینڈ سکیورٹی کی جانب سے فی الحال اس موضوع پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں