امریکی سیکرٹری خارجہ عمران خان سے ملنے پاکستان آئیں گے ،ْ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا جائیگا

مائیک پومپیو کے ہمراہ امریکی محکمہ خارجہ کی عہدیدار برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور سفیر ایلس ویلز کے بھی پاکستان آنے کے امکانات

اتوار 19 اگست 2018 18:20

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نومنتخب وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔سفارتی اور سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ممکنہ طور پر امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق مائیک پومپیو پاکستانی حکام سے ملاقات میں دو اہم معاملات پر توجہ مرکوز کرسکتے ہیں، جن میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور افغانستان میں امن کے قیام کیلئے امریکی اقدامات پر پاکستان کی حمایت حاصل کرنا شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ مائیک پومپیو کے ہمراہ امریکی محکمہ خارجہ کی عہدیدار برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور سفیر ایلس ویلز کے بھی پاکستان آنے کے امکانات ہیں۔

(جاری ہے)

رواں ہفتے کے اوائل میں امریکی حکام نے پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ افغان جنگ ختم کرنے میں امریکا کی مدد کرے کیونکہ افغانستان میں حالیہ دہشت گرد حملے انہیں طالبان کے چند گروہوں کے ساتھ امن مذاکرات سے نہیں روک سکے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھرنوورٹ نے رواں ہفتے کابل میں ہونے والے دہشت گردوں حملوں میں 50 افراد کی ہلاکت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ طالبان کے کچھ گروہ، کچھ عناصر امن مذاکرات کے لیے ہرگز تیار نہیں جبکہ دیگر گروہ امن سے متعلق مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیتھر نوورٹ نے کہا کہ ’ہم پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو تسلیم کرتے ہیں اور حلف لینے پر انہیں مبارک باد دیتے ہیں ۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں