مریدکے، سبق یاد نہ کرنے پر معذور ٹیچر کا پانچویں کلاس کے بچوں پر تشدد

سی ای او ایجوکیشن کا فوری ایکشن متعلقہ ٹیچر اور سکول کے ہیڈ ماسٹر کو معطل کر کے سینئر ہیڈ ماسٹر کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا

اتوار 19 اگست 2018 20:20

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) مقامی سکول کے معذور ٹیچر کا سبق یاد نہ کرنے پر پانچویں کلاس کے بچوں پر تشدد۔ سی ای او ایجوکیشن شیخوپورہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ٹیچر اور سکول کے ہیڈ ماسٹر کو معطل کرکے قریبی ہائی سکول کے سینئر ہیڈ ماسٹر کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر طارق بھٹی بھی موقع پر پہنچ گئے اور ذمہ دار ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔

بتایا گیا ہے کہ گورنمنٹ پرائمری سکول ڈیرہ گجراں مریدکے میں ایک سال قبل تعینات ہونے والے معذور ٹیچر محمد احسان اللہ نے سبق یاد نہ کرنے پر اپنے سہارا کے لیے استعمال ہونے والے ڈنڈے کی مدد سے متعدد طلبہ کوجسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جس سے بچوں کے جسموں پر نشان پڑ گئے۔

(جاری ہے)

طلبہ کے والدین نے ذمہ دار ٹیچر کے خلاف تھانہ صدر مریدکے میں مقدمہ درج کرا دیا تاہم ملزم نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی۔

دوسری طرف چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن شیخوپورہ مقبول احمد شاکر اور ڈی ای او (ایلیمنٹری) شیخ حسنات نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر مریدکے نجم الثاقب کو موقع پر بھیجا جنہوںنے ابتدائی رپورٹ میں متعلقہ ٹیچر اور ہیڈ ٹیچر ذمہ دار قرار دیا جس پر متعلقہ اتھارٹی نے دونوں کو فوری طور پر معطل کرکے گورنمنٹ ہائی سکول جنڈیالہ کلساں کے سینئر ہیڈ ماسٹر کامران صدیقی کو انکوائری آفیسر مقرر کر دیا ہے۔

اتوار کی چھٹی کے با وجود اسسٹنٹ کمشنر مریدکے طارق حسین بھٹی اور سی ای او ایجوکیشن مقبول احمد شاکر مقامی سکول پہنچے جہاں انہوںنے متاثرہ بچوں کے والدین سے ملاقات کی اور یقین دہائی کرائی کہ تشدد کے ذمہ دار ٹیچر کو معطل کر دیا گیا ہے اور محکمانہ کارروائی کے بعد اسے ملازمت سے برخاست کر دیا جائے گا۔ دونوں افسران نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں طلبہ کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی اور ذمہ داران کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں