مریدکے، سلامت پورہ میں ڈنڈوں سوٹوں سے مسلح افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ

مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کرکے دو افراد کو زخمی کر دیا، ایک پولیو اہلکار کے ہاتھ کی انگلی ٹوٹ گئی، پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا

بدھ 24 اپریل 2019 22:53

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء) تھانہ سٹی کے علاقہ سلامت پورہ میں ڈنڈوں سوٹوں سے مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کرکے دو افراد کو زخمی کر دیا۔ ایک پولیو اہلکار کے ہاتھ کی انگلی ٹوٹ گئی۔ پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مجاہد علی نامی انچارج کی نگرانی میں شاہد وغیر پرمشتمل تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے کی پولیو ٹیم نواحی علاقہ سلامت پورہ میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے گئی اور ایک انکاری خاندان کو بچوں کی تصدیق کرانے کے لیے کہا کہ جس پر نصف درجن سے زائد افراد نے ڈنڈوں اورسوٹوں سے لیس ہو کر ٹیم پر حملہ کر دیا اور انہیں بری طرح تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد غلیظ گالیاں دی گئیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پولیو ٹیم کے ارکان کو اغوا کرکے ایک ڈیرہ پر لیجا کر مزید تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

ٹیم کے ایک رکن کی طر ف سی15پر کال کرنے پر پولیس نے تین حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد یونس کے مطابق حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست جمع کرا دی گئی ہے اور پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لیے پولیس اہلکاروں کی فراہمی کے لیے بھی درخواست پیش کر دی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا پر پولیو ویکسین کے بارے میں پراپیگنڈہ کے باعث متعدد افراد نے بچوں کو ویکسین پلانے سے انکار کر دیا ہے۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں