حکومت نے آزادی مارچ کے خلاف طاقت کے استعمال کی کوشش کی تو گلی گلی سے تحریک اٹھے گی اور حکومت کو بہا کر لے جائے گی،رانا تنویر حسین

اتوار 13 اکتوبر 2019 19:15

!مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اکتوبر2019ء) قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے نامز د چیئر مین اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اگر حکومت نے آزادی مارچ کے خلاف طاقت کے استعمال کی کوشش کی تو گلی گلی سے تحریک اٹھے گی اور حکومت کو بہا کر لے جائے گی، ناکام اور نا اہل حکومت کی ناقص پالیسیوں نے ملکی معیشت کو بیک گیئر لگا دیا ہے جس سے نہ صرف غریب بلکہ متوسط طبقہ کے لیے بھی زندگی گزارنا مشکل ہو چکا ہے۔

میاں محمد نواز شریف غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدامات کے حق میں نہیں لیکن جھوٹوں کے ہاتھوں عوام کا سسک سسک کر مرنا بھی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ دیرینہ لیگی تاجررہنما شیخ بشیر احمد کے فرزندگان شیخ نویدبشیراور شیخ وحید بشیر کی طرف سے حج و عمرہ پروگرام کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر کوارڈی نیٹر ملک ندیم چوہان، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر رانا کاشف، سابق چیئر مین یونین کونسل اعجاز بھٹی، سجاد بھٹی، ابرار حسین گیلانی، شیخ کبیر اشرف کے ہمراہ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ہم کوئی دھرنا نہیں آزادی مارچ کر رہے ہیں لیکن اگر حکومت نے کوئی بچگانہ حرکت کی تو مارچ دھرنہ میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے ڈیل اور ڈھیل ٹھکرا کر عوامی حقوق اور ووٹ کی عزت کی خاطر جیل کی صعوبتیں برداشت کی ہیں اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے آئندہ بھی جدوجہد جاری رہے گی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ "تبدیلی حکومت -"کے خاتمہ اور عوامی غیض و غضب سے دوچارگی کے لیے عمران خان کی کنٹینر تقاریر ہی کافی ہیں، ہر کام 90دن میں کرنے کی دعویدار حکومت ڈیڑھ سال گزرنے کے با وجود وقت مانگ رہی ہے مگر اسے ملک کو مزید تباہ کرنے کے لیے وقت نہیں دیا جائے گا۔

عمران خان نے قوم کو سبز باغ دیکھا کر کھلم کھلا دھوکہ دیا ہے جس کا بدلہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے لیں گے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہمارا مطالبہ عوامی ووٹ کی طاقت سے اقتدار حاصل کرنا ہے ، حکومت نئے انتخابات کے ذریعے عوامی حمائت حاصل کرے تو ہم اس کا بھر پور ساتھ دیں گے۔ سینئر لیگی رہنما نے کہا کہ نیب زدہ پی ٹی آئی کابینہ نے دن رات جھوٹ بولنے اور عوام کو گمراہ کرنے کی فیکٹریاں چلا رکھی ہیں مگر بہت جلد ان کی فیکٹریوںکی پراڈیکٹس ان کے گلے کا پھندا بنے گیں۔

ملک میں امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں راناتنویر حسین نے کہا کہ انصاف کا بول بالا کرنے کی دعویدار حکومت نے پولیس اور انتظامیہ کو پی ٹی آئی عہد یداروں کی غلام بنا کر رکھ دیا ہے اور ٹاؤٹ مافیہ نے اداروں میں پنجے گاڑ لیے ہیں جس سے اداروں کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ ملک بھر میں بدمعاشی، چوری ڈکیتی، قتل و غارت گری اور قبضہ مافیہ کی کاررائیاں عروج پر ہیں اور لوگوں کی جان و مال غیر محفوظ ہو چکے ہیں لیکن وی وی آئی پروٹول کے ساتھ چلنے والا حکمران طبقہ سب اچھا کا راگ الاپ رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اسمبلیوں سے اپنے مفادات کے بل منظور کرانے کے بعد اپوزیشن پر تعاون نہ کرنے کا پراپیگنڈہ کرتی ہے جس کے باعث مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں