,مریدکے،کورونا وباء کے پیش نظر شہر بھر میں صرف ایک ہی مقام پر مویشی منڈی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رائے محمد منشاء طاہر

جمعرات 9 جولائی 2020 22:29

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2020ء) چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مریدکے رائے محمد منشاء طاہر نے کہا ہے کہ کورونا وباء کے پیش نظر شہر بھر میں صرف ایک ہی مقام پر مویشی منڈی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں شہری کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے قربانی کے جانور خرید سکیں گے۔ خریداروں کی سہولت کے لیے پینے کے ٹھنڈے پانی اور سایہ دار جگہ کے علاوہ صابن سے ہاتھ دھونے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیف آفیسر نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر ملٹری کیمپنگ گراؤنڈ میں عید الاضحی کے قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کے مشترکہ منڈی کے عارضی قیام کے لیے متعلقہ ادارے کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ کورونا وباء کے ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے اور شہریوں کی سہولت کے لیے مویشی منڈی میں تحصیل انتظامیہ، پولیس، محکمہ لائیو سٹاک، صحت اور کارپوریشن کے سنٹر کھولے جائیں گے جہاں قانون شکنوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ خریداروں اور بیوپاریوں کو مناسب سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

چیف آفیسر رائے محمد منشاء نے بتایا کہ مویشی منڈی میں گاڑیوں کی پارکنگ کا بھی وسیع انتظام کیا جائے گا اور خریداروں کو شاہرات پر گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ عید الفطر کی پریکٹس کو نہ دھراتے ہوئے عید الاضحی کے موقع پر تجارتی مراکز میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور پوری مارکیٹ کو بھی بند کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کوروناایس او پیز پر عمل نہ کرنے کے نتیجے میں پچاس کے قریب دکانوں کو سیل کیا گیا ہے جبکہ18 دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کئے گئے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جا ری رہے گا۔ انہوںنے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ عید کی تعطیلات کے دوران آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے لیکن شہریوں کو بھی جگہ جگہ آلائشوں کے ڈھیر لگانے کے بجائے مقررہ مقامات پر پھینکنے کے لیے تعاون کرنا ہو گا۔

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں