مری میں 4ہزار گاڑیوں کی گنجائش والا پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا،میاں محمودالرشید

ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی سخت اقدامات کئے جائیں گے،مری امپروومنٹ ٹرسٹ کے معاملات کو شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جا رہا ہے،شیفانگ چائنیز ریسٹورنٹ کی نیلامی 3کروڑ 8لاکھ روپے سالانہ میں کی گئی ہے،گذشتہ دورحکومت میں یہ جگہ صرف 3لاکھ 80ہزار روپے سالانہ میں نیلام ہوتی رہی ہے،وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب

جمعہ 10 جولائی 2020 21:56

مری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2020ء) وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمودالرشید نے کہاہے کہ مری میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے 4ہزار گاڑیوں کی گنجائش والا پارکنگ پلازہ تعمیر کیا جائے گا جبکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خاتمے کیلئے بھی سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے مری امپروومنٹ ٹرسٹ (MIT) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اے سی مری زاہد حسین، ٹرسٹ کے ارکان ملک حمید مجید، کامران خالد، طارق فراز بھی اس موقع پر موجود تھے۔میاں محمودالرشید نے کہاکہ ایم آئی ٹی کے معاملات کو شفاف طریقے سے آگے بڑھایا جا رہا ہے جس کے تحت شیفانگ چائنیز ریسٹورنٹ کی نیلامی 3کروڑ 8لاکھ روپے سالانہ میں کی گئی ہے جبکہ گذشتہ دورحکومت میں یہ جگہ صرف 3لاکھ 80ہزار روپے سالانہ میں نیلام ہوتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے ترقیاتی سکیموں کے آغاز پر مری امپروومنٹ ٹرسٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان سکیموں کو بروقت مکمل کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ مری کی خوبصورتی کی بحالی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے تجاوزات کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران وزیرہاؤسنگ کو مری میں جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :

مری میں شائع ہونے والی مزید خبریں