فیصلہ وہی ہوتا ہے جو عوام کرتے ہیں،عوام اپنا فیصلہ جولائی میں دیں گے‘نواز شریف نیلم جہلم منصوبے میں دلچسپی نہ لیتے یہ کبھی مکمل نہ ہوتا۔شاہدخاقان عباسی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 13 اپریل 2018 18:07

فیصلہ وہی ہوتا ہے جو عوام کرتے ہیں،عوام اپنا فیصلہ جولائی میں دیں گے‘نواز شریف نیلم جہلم منصوبے میں دلچسپی نہ لیتے یہ کبھی مکمل نہ ہوتا۔شاہدخاقان عباسی
مظفرآباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔13 اپریل۔2018ء)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ فیصلہ وہی ہوتا ہے جو عوام کرتے ہیں،عوام اپنا فیصلہ جولائی میں دیں گے۔وزیراعظم نے 969 میگا واٹ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کے پہلے یونٹ کا افتتاح کردیا ہے۔مظفر آباد میں نیلم جہلم پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ وہاں ضرور ہوگی جہاں بجلی چوری ہورہی ہے، جوبجلی چوری ہوتی ہے اس کا بل ان لوگوں پر پڑتا ہے جو بل ادا کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے 10 ہزار 400 میگاواٹ بجلی سسٹم کو فراہم کی، کوئی حکومت 2ہزار میگاواٹ بجلی بھی نہیں بناسکی، ہم نے صرف باتیں نہیں کیں، کام کرکے دکھایا ہے، تنقید کرنے والے تنقید کریں گے ، ہم کام کریں گے جو نظر بھی آئے گا۔

(جاری ہے)

شاہد خاقان عباسی نے نیلم جہلم پروجیکٹ کے حوالے سے کہا کہ مشکلات پر قابو پالیا گیا اور آج نیلم جہلم پروجیکٹ بجلی پیدا کررہا ہے، اگر میاں نواز شریف اس منصوبے میں دلچسپی نہ لیتے یہ کبھی مکمل نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو بے پناہ مسائل وراثت میں ملے، جب ہماری حکومت آئی تو توانائی کا بہت بڑا بحران تھا، چیلنجز آج بھی موجود ہیں ، ہماری حکومت نے سپلائی اور ڈیمانڈ کا فرق پورا کردیا ہے۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ایک عشرے میں دو ڈیم بنیں گے تو پانی کے مسائل ہوں گے، بجلی اور گیس کے بغیر گزارا ہوجاتاہے، پانی کے بغیر گزارا نہیں ہوتا، انتخابات میں جو فیصلہ عوام کریں گے سر آنکھوں پر۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں کشمیر کا مقدمہ رکھا اور انہیں بتایا کہ سات لاکھ بھارتی فوجی کشمیر میں ظلم و ستم ڈھار ہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، لائن آف کنٹرول کے معاملات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ہم پوری دنیا سے توقع رکھتے ہیں کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

پاکستان 70 سال سے کشمیر کی جنگ لڑ رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی حمایت ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ لوڈ شیڈنگ صرف ان علاقوں میں ہے جہاں چوری ہے، نیلم جہلم منصوبہ پاک چین دوستی کا آئینہ دار ہے۔نواز شریف کی تاحیات نااہلی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے کام کرنے والوں کو عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے لیکن اب اس سلسلے کو ختم ہونا چاہیے۔

راہنماﺅں کی قدر نہ کرنے کا جو سلسلہ چل پڑا ہے وہ قابل قبول نہیں ہے اور پاکستان کے عوام اپنے ووٹ سے اس سلسے کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اوپر تنقید کا سلسلہ جاری تھا لیکن کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کی کامیابی ہے جس نے یہ منصوبہ مکمل کیا اور اگر نواز شریف کا اعتماد نہ ہوتا تو یہ کبھی مکمل نہیں ہوسکتا تھا۔ منصوبے سے ماحول دوست پیداوار ہوگی اور اس منصوبے پر تقریباً 5 ارب ڈالر کے قریب خرچہ آیا ہے جو اندازے کے مطابق کہیں زیادہ ہے لیکن اس منصوبے کا بہت فائدہ ہوگا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نندی پور کے منصوبے پر بھی تنقید کی گئی لیکن ہم نے اس منصوبے کو مکمل کرنے کا عزم کیا اور آج یہ منصوبہ 550 میگا واٹ بجلی فراہم کررہا۔انہوں نے کہا کہ اگر گزشتہ حکومتیں اپنے دور اقتدار میں اپنا کام مکمل کرتی تو آج پاکستان میں اتنے مسائل نہیں ہوتے لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام بھی کر کے دکھایا۔پاکستان کی 65 سالہ ترقی اور ہماری حکومت کے 5 سالہ دور کے کاموں کا موازنہ کرلیں، آپ کو ہمارے دور میں ہی زیادہ کام نظر آئیں گے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں