بھارتی حکومت اورفوج کوجھوٹ بولنے پرشرم آنی چاہیے، راجا فاروق حیدر

بھارت بوکھلا گیا کیونکہ موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں سچ کو چھپانا ناممکن ہے، دفاع وطن کیلئے آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیرراجا فاروق حیدر کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 اکتوبر 2019 20:11

بھارتی حکومت اورفوج کوجھوٹ بولنے پرشرم آنی چاہیے، راجا فاروق حیدر
مظفرآباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اور فوج کو جھوٹ بولنے پر شرم آنی چاہیے، بھارت بوکھلا گیا ہے کیونکہ موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں سچ کو چھپانا ناممکن ہے، دفاع وطن کیلئے آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدرنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ رات شیلنگ اور گولہ باری کے ذریعے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارت کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں 60 سال کا ایک بزرگ بھی شامل ہے ۔ بھارتی فوج سول آبادی کو نشانہ بناتی ہے۔ بھارتی فوج شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت اور فوج کو جھوٹ بولنے پر شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔  موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں سچ کو چھپانا ناممکن ہے بھارت بوکھلا گیا ہے۔ دفاع وطن کیلئے آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر غیر ملکی میڈیا کے لیے کھلا ہے۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی فوج نے نوگو ایریا بنا رکھا ہے۔ راجا فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی اقدامات خطے کو جنگ کی جانب لے جائیں گے۔

راجا فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے ایل او سی پر5 کلو میٹر کے علاقے میں 6 لاکھ سے زائد آبادی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر بھارتی اشتعال انگیزی کو نہ روکا گیا تو اس طرح کے واقعات خطے کو جنگ کی جانب لے جائیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یہ سفاکیت کی انتہا ہے، دنیا کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں