جدید ، خوش حال اور باوقار آزادکشمیر کے نعرے کے ساتھ عوام کی عدالت میں جائیں گے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

بدھ 1 جولائی 2020 23:05

مظفر آباد ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2020ء) آزادکشمیر کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے زور بازو پر انتخابات میں حصہ لے گی۔جدید ، خوش حال اور باوقار آزادکشمیر کے نعرے کے ساتھ عوام کی عدالت میں جائیں گے اور اس جنگ میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہوگا۔

وہ گزشتہ روز سابق رکن اسمبلی اور انصاف ویمن ونگ کی جنرل سیکرٹری گلزارفاطمہ سے بات چیت کر رہے رتھے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا تحریک انصاف عمران خان کی سوچ وفکر کے مطابق خواتین کو سیاست وحکومت میں فعال کردار اورنمایاں مقام دے گی۔خواتین کی نشستوں میں آبادی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین پالیسی سازی کے عمل میں شریک ہو کر معاشرے میں تبدیلی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا تحریک انصاف کو جنگی بنیادوں پر منظم کرکے انتخابی معرکے میں اترنا ہے اور ایسے میں پارٹی کے ہر کارکن کو فرض ہے کہ وہ تمام صلاحیتیں تحریک انصاف اور عمران خان کے پیغام کو عام کرنے کے لئے وقف کریں۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی کو سقوط کشمیر کا طعنہ وہ لوگ دے رہے ہیں جنہوں نے کشمیر پر سودے بازی کی ہر ممکن کوشش کی تھی مگر عوامی مزاحمت نے اسے ناکام بنادیا تھا۔ ملاقات میں گلزارفاطمہ نے پارٹی صدر کو آمدہ انتخابی منشور میں خواتین کے حقیقی اور بنیادی مسائل کو زیربحث لانے اور اجاگر کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا اور کہا کہ خواتین کو انتخابات میں سرگرم کرنے اور فعال کردار ادا کرنے پر آمادہ کرنے کے لئے ایک آگاہی اور بیداری مہم شروع کی جانا ضروری ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں