بھارتی جارحیت کا شکار کشمیری خاندانوں کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان

شہداء کے ورثاء کو 3 ہزار روپے فی کس ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا ، بورڈ آف ریونیو نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 20 نومبر 2020 16:01

بھارتی جارحیت کا شکار کشمیری خاندانوں کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 نومبر2020ء) بھارتی جارحیت کا شکار ہونے والے کشمیری خاندانوں کیلئے ریلیف پیکیج کا علان کردیا گیا ، بورڈ آف ریونیو نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نوٹی فکیشن کے تحت یکم جولائی 2016ء کے بعد سے بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر کی جانے والی گولہ باری سے شہید ہونے والے شہداء کے ورثاء کو 3 ہزار روپے فی کس ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ اعزازیہ لینے والوں میں شہید کی بیوہ ، نابالغ بیٹیاں اور بہنیں ، طلاق یافتہ بہنیں شامل ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ شہید کی ایسی بیٹیاں یا بہنیں جو شادی کے بعد تنازع کی وجہ سے اس کے گھر میں رہائش پذیر ہوں ، شہید کے کم عمر بیٹے 25 سال کی عمر تک ، شہداء کے والدین ، بھائی ، دادا ، دادی ، یتیم پوتے اور پوتیوں 25 سال کی عمر تک کو بھی اعزازیہ دیا جائے گا ، بیوہ یا مطلقہ کی شہادت کی صورت میں اس کے زیر کفالت افراد بھی یہ اعزازیہ لینے کے حق دار ہوں گے۔

(جاری ہے)

نوٹی فکیشن کے مطابق اعزازیہ لینے کے لیے ہسپتالوں کا سرٹیفکیٹ ، پاک فوج کی تصدیق ، زیر کفالت ہونے کا ثبوت اور 2 علاقہ معززین کی گواہی درکار ہوگی۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے باہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کر دیا ، باہمت بزرگ پروگرام کے تحت 65 سال اور زائد عمر کے افراد کو ہر 3 ماہ بعد 6 ہزار روپے سوشل پینشن کی مد میں دیے جائیں گے ، پنجاب حکومت نے باہمت بزرگ پروگرام کے لیے ابتدائی طور پر 2 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ، پروگرام کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 23 نومبر 2020 سے کیا جائے گا جو کہ تین ماہ جاری رہے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پروگرام سے مستحق بزرگ شہریوں کی معاشی بحالی ہوگی ، حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور پسماندہ طبقے کی بحالی ہے ، ہم ریاست مدینہ کے خواب کی تکمیل کی طرف بڑھ رہے ہیں ، باہمت بزرگ پروگرام ریاست مدینہ کی طرف ایک سنگ میل ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں