عید کے روز بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا 16 سالہ ملزم گرفتار

ملزم نے 10 سالہ بچے کو لالچ دے کر ایک سنسان مقام پر لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 مئی 2021 14:02

عید کے روز بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا 16 سالہ ملزم گرفتار
آزاد کشمیر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 مئی 2021ء) : آزاد کشمیر کے ضلع جہلم میں پولیس نے عید کے روز ایک بچے کو ریپ کرنے کے الزام میں 16 سالہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ چناری پولیس تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) راجا سہیل نے بتایا کہ 10 سالہ متاثرہ بچہ گجر بندی گاؤں میں اپنے دادا کے گھر سے واپس آرہا تھا کہ راستے میں نوجوان نے اسے لالچ دے کر ایک سنسان مقام پر لے جانے کے بعد ریپ کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ دوپہر ڈیڑھ بجے پیش آیا جبکہ دونوں فریقین کے درمیان جرگہ میں کوئی اتفاق نہ ہونے پر پولیس کو پونے 5 بجے اطلاع موصول ہوئی۔ متاثرہ بچے اور اس کے والد کے بیان کے بعد پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کیا اور ہٹیاں بالا کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں بچے کا طبی معائنہ کروایا گیا جہاں اس کے ساتھ ہوئے گھناؤنے فعل کی تصدیق ہوگئی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل ڈان کے مطابق ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزم بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اسے بے ہوشی اور زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔ تاہم قریبی رہائش پذیر ایک خاتون نے بچے کو دیکھ کر اس کے گھر پہنچایا جہاں ہوش میں آنے پر اس نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کے بارے میں بتایا۔ دوسری جانب بچے کے والد نے کسی بھی جرگے میں شمولیت سے انکار کیا اور کہا کہ وہ جرگے کے نام پر ناقابل معافی جرائم کی پردہ پوشی کے خلاف ہیں۔

متاثرہ بچے کے والد نے کہا کہ حالانکہ کچھ لوگوں نے مجھے معاملہ مقامی سطح پر حل کرنے کی تجویز دی کہ پولیس کو رپورٹ کرنے سے برادری اور قبیلے کی بدنامی ہوگی لیکن میں نے ان کی تجویز پر کان نہیں دھرے اور واقعے کی رپورٹ پولیس میں کردی۔ دوسری جانب واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے ملزم کی تلاش میں چھاپے مارے اور قریبی گاؤں سے اسے گرفتار بھی کرلیا جسے ایگزیکٹو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں