آزاد کشمیر الیکشن ، تحریک انصاف نے ایل اے 16 باغ کی نشست بھی جیت لی

چار پولنگ اسٹیشنوں پر ہوئی دوبارہ ووٹنگ میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار میر اکبر نے 665 ووٹوں کے ساتھ میدان مارلیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 جولائی 2021 18:38

آزاد کشمیر الیکشن ، تحریک انصاف نے ایل اے 16 باغ کی نشست بھی جیت لی
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی2021ء) آزاد کشمیر الیکشن میں ہونے والے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف نے ایل اے 16 باغ کی نشست بھی جیت لی۔ تفصیلات کے مطابق حلقے میں 4 پولنگ اسٹیشنوں پر ہوئی دوبارہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار میر اکبر نے میدان مارلیا ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمراں جماعت پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سردار میر اکبر نے 665 ووٹ حاصل کیے ، پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار قمر زماں خان 538 ووٹوں کے ساتھ دورے نمبر پر رہے جب کہ مجموعی طور پر ایل اے 16 باغ کے تمام 167 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج میں پی ٹی آئی کے میر اکبر نے 23 ہزار165 ووٹ حاصل کیے اور ان کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر آنے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار قمرالزمان 22 ہزار 848 ووٹ حاصل کرسکے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے باغ کے حلقہ ایل اے16 کے چار پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کا حکم دیا تھا ، جس کے باعث آج 29 جولائی کو چاروں پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ ہوئی، الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ اسٹیشنز نمبر 42،134،135،136 پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ، چاروں پولنگ اسٹیشنز پرکل ووٹرز کی تعداد 2380 ہے، جہاں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک چاروں پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ ہوئی جس میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار میر اکبر نے 665 ووٹوں کے ساتھ میدان مارلیا جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار قمر زماں خان 538 ووٹوں کے ساتھ دورے نمبر پر رہے۔

واضح رہے گزشتہ روز 26 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر عبد الرشید سلہریا نے آزاد کشمیرکے 44 حلقوں کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ تحریک انصاف نے 25، پیپلز پارٹی 11اور مسلم لیگ (ن) نے چھ نشستیں حاصل کیں ،آزاد جموں و کشمیر کے ایک حلقے ایل اے 16 کے 4 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوگی، کسی بھی حلقے کے رزلٹ نہیں روکے گئے ، آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں ٹرن آئوٹ 62 فیصد رہا ۔

چیف الیکشن کمشنر آزادجموں و کشمیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 45 حلقوں میں ہونے والے انتخابات میں سے 44 کے رزلٹ آ چکے ہیں ،پی ٹی آئی نے 25 ،پاکستان پیپلزپارٹی نے 11،مسلم لیگ ن نے 6 ،مسلم کانفرنس اور جموں و کشمیر پیپلزپارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے ،آزادجموں و کشمیر کے ایک حلقے ایل اے 16 کے 4 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر کے انتخابات میں ٹرن آئوٹ 62 فیصد رہا ، الیکشن کے انعقاد میں میڈیا بالخصوص محکمہ اطلاعات کا تعاون مثالی رہا ، محکمہ اطلاعات کے مثالی تعاون پر اسکے شکر گزار ہیں ، امن و امان برقرار رکھنے اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں پاک فوج ، سول آرمڈ فورسز، انتظامیہ اور عدلیہ نے بھرپور کردار ادا کیا ، دھاندلی کی ایک بھی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی ،کسی بھی حلقے کے رزلٹ نہیں روکے گئے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں