رات کے اس پہر زلزلے کے شدید جھٹکے

آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور دیگر علاقوں میں زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 13 اگست 2021 22:52

رات کے اس پہر زلزلے کے شدید جھٹکے
وادی نیلم (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اگست 2021ء) رات کے اس پہر زلزلے کے شدید جھٹکے، آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور دیگر علاقوں میں زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات کو آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگ خوف و ہراس کا شکار ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ اس دوران لوگ مسلسل باآواز بلند کلمہ طیبہ اور اللہ اکبر اللہ اکبر کا ورد کرتے رہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں کی شدت وادی نیلم میں زیادہ محسوس کی گئی، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی زلزلے محسوس کیے گئے۔ تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ زلزلے کی شدت، گہرائی اور مرکز کے حوالے سے بھی تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں ہے۔ خاص کر خیبرپختوںخوا اور بلوچستان کے کچھ علاقے آئے روز زلزلوں کی زد میں رہتے ہیں۔ جبکہ آزاد کشمیر میں ماضی میں آنے والے تباہ کن زلزلوں کی وجہ سے آج بھی لوگ زلزلوں کے خوف سے باہر نہیں نکل سکے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں