آج ہم جو آزادی کا سانس لے رہے ہیں یہ سب شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے‘بریگیڈ کمانڈر باغ

پیر 7 ستمبر 2015 12:38

بیس بگلہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء)آزاد کشمیر کے ضلع باغ اور تحصیل دھیرکوٹ کے سنگم پر واقعہ شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین بیس بگلہ میں کیپٹن وقاص شہید ہائی سکول بیس بگلہ کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا -طلباء نے رنگا رنگ پروگرام پیش کر کے خوب داد حاصل کی-اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈ کمانڈر باغ بریگیڈئر جاوید بلوچ تھے- بریگیڈئر جاوید بلوچ جب ادارے میں پہنچے تو طلباء کے چاک وچوبند دستے نے پی ٹی شو‘ مارچ پاسٹ اور سلامی سے مہمان خصوصی کا شاندار استقبال کیا-اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی- اس سے قبل مہمان خصوصی نے بیس بگلہ قبرستان میں دفن 65ء کے شہید راجہ عبدالکریم اورکیپٹن وقاص شہید کے قبرپر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی-یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئر جاوید بلوچ نے کہا کہ وطن عزیز کیلئے ہماری جان بھی حاضر ہے -آج ہم جو آزادی کا سانس لے رہے ہیں یہ سب شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے-انہوں نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی مصبوط ومنظم فوج ہے جو دشمن کے ساتھ مقابلے کی پوری طاقت رکھتی ہے-تقریب سے سابق مشیر وزیراعظم آزاد کشمیر کرنل (ر) راجہ ضمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن کیلئے پہلے بھی قربانی دی اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے-آزادی کیلئے ہمارے اسلاف نے قربانیاں دیں-پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو پھوڑ دیا جائے گا-اس موقع پرڈی ای او باغ راجہ ریاض نے ہائی سکول بیس بگلہ میں تعلیمی شعبے میں اعلی کارکردگی پر سینئر مدرس سردار محمد رمضان خان‘ راجہ عبدالرزاق اور پی ٹی آئی راجہ فاروق کو تعریفی اسناد بھی پیش کیں-اس موقع پر بریگیڈ کمانڈر نے سکول کے طلباء کیلئے 10ہزا ر روپے جبکہ کرنل ضمیر نے سکول کیلئے ایک لاکھ‘ راجہ نذیر خان نے 40 ہزار کا اعلان کیا-تقریب سے راجہ فاروق‘ ڈی ای او باغ راجہ ریاض ‘ ڈی ڈی او کے علاوہ راجہ مختار‘ راجہ نذیر اور دیگر نے خطاب کیا-ادھر مسلم کانفرنس کے زیراہتمام بھی یوم دفاع پاکستان منایا گیا-

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں