حکومت آزادکشمیر کا شہدائے پشاور اورشہدائے مستونگ کو خراج عقیدت پیش ‘ایک روزہ سوگ کا اعلان

ہفتہ 14 جولائی 2018 16:04

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) آزادحکومت نے شہدائے پشاور اورشہدائے مستونگ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آج یوم سوگ کا اعلان کر دیا ۔کشمیری عوام کی جانب سے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ریاست جموں وکشمیر کے دونوں اطراف کے عوام ملت پاکستان خصوصاً شہداء کے ورثاء کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

وزیر مذہبی امور راجہ عبدالقیوم خان کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان مستونگ میں سراج رئیسانی ،پشاور میں ہارون بلور سمیت جملہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔یہ قوم کے محسن ہیں ۔جن کا لہو رنگ لائے گااور ملک دشمن ناکام و رسوا ہونگے ۔راجہ عبدالقیوم خان نے کہا کہ ہارون بلور ،سراج رئیسانی جیسے دلیر لیڈر قوم کا سرمایہ حیات ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کی طرف سے ان عظیم شہدائے وطن کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ان کے ورثاء کا کرب ہم سے مختلف نہیں ہے ۔کشمیری ان لمحات کا درد جانتے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا قتل عام کرنے والا بھارت اور اس کے ہمنوا بلوچستان ،پشاور بم حملوں کا مائنڈ سیٹ ہے جو پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے مگر شہداء کے مقدس لہو کی طاقت کا دشمن کو اندازہ نہیں ہے ۔مادر وطن پر قربان ہونے والوں کے مقاصد کی اللہ رب العزت نگہبانی کرتا ہے اور انکے نام اللہ کے پیاروں کے جھومر میں لکھ دئیے گئے ہیں ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں