پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری اور جنگلات کو بچانا ناگزیرہو چکا ہے

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا ایوان صدر مظفرآباد میں پودا لگا کر موسم برسات کی شجر کاری مہم بارے تقریب سے خطاب

منگل 14 اگست 2018 20:36

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں موسمی تغیرات سے نمٹنے اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری اور پہلے سے موجود جنگلات کو بچانا ناگزیرہو چکا ہے۔ ایوان صدر مظفرآباد میں پودا لگا کر موسم برسات کی شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعد صدر آزاد کشمیر نے ایک پیغام میں کہا کہ عالمی سطح پر بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص موسمیاتی تبدیلیاں تیزی سے رونما ہو رہی ہیں جس کے نتیجہ میں کبھی بارشیں ضرورت سے زیادہ ہوتی ہیں اور کبھی خشک سالی شروع ہو جاتی ہے جو ہمارے لئے سخت تشویش کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں سے زمین کے اوپر اور زیر زمین پانی کے ذخائر میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے جس سے ملک میں نہ صرف توانائی کا بحران پیدا ہو رہا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں اس کے زراعت پر بھی نہایت منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے جنگلات اگانے کے ساتھ ساتھ موجودہ جنگلات کا تحفظ کیا جائے اور قدرتی مائع گیس کی سہولت مہیا کر کے قیمتی جنگلات کا تحفظ کیا جائے۔

صدر آزاد کشمیر نے میڈیا، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ درختوں کی اہمیت اجاگر کرنے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔بعد ازاں سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے ایوان صدر میں ملاقات کی اور صدر ریاست کو بتایا کہ اس وقت آزاد کشمیر کے ستائیس فیصد علاقے میں گھنے جنگلات موجود ہیں۔ گزشتہ سال 38000 ایکڑ رقبے پر شجر کاری کی گئی جس پر ایک کروڑ ساٹھ لاکھ روپے لاگت آئی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں