ریاست میں سیاحت کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ،راجہ محمد فاروق حیدرخان

اراضی آسان شرائط پر لیز پر دی جائیگی ،نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کرینگے ، فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، آزادکشمیر میں بے روزگاری خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے ،سیاحتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد کابینہ کا اجلاس بلایا جائیگا ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا اجلاس سے خطاب

پیر 20 اگست 2018 17:42

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ریاست میں سیاحت کے فروغ کیلئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ، اراضی آسان شرائط پر لیز پر دی جائے گی ،نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کرینگے ۔ وزیر اعظم اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔ اجلا س میں سیاحتی پالیسی کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

اجلا س میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، سیکرٹری جنگلات، ڈائریکٹر جنرل سیاحت سمیت سپیشل سیکرٹری وزیر اعظم سیکرٹریٹ نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اراضی لیز پر دینے ، سٹیٹ ٹورازم ایگزیکٹیو کمیٹی کے قیام ،ٹوریسٹ گائیڈ اور ہوٹل مینجمنٹ سے متعلق قانون سازی کی جائے گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ تیرہویں آئینی ترمیم کے بعد ٹورازم ڈیپارٹمنٹ مکمل طور پر آزادکشمیر کے پاس آگیا ہے ۔

(جاری ہے)

رولز آف بزنس میں تبدیلی کیلئے عید الاضحی کے بعد میٹنگ کا انعقاد کیا جائیگا ۔ سیاحت کے فروغ کیلئے وزیر سیاحت سنجیدہ کوششیں کررہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سستی کے باعث فیصلہ جات پر عملدرآمد نہیں ہوتا ۔ فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ آزادکشمیر میں بے روزگاری خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے ۔ سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ۔

ناانصافی اور سفارشی کلچر کے باعث لوگ ریاست سے متنفر ہوتے ہیں، ذہنی پریشانی میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور پھر میڈیاکو بھی منفی کردار کا موقع ملتا ہے ۔ پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں ۔ ہم نے میرٹ ، اہلیت و صلاحیت کی بنیاد پرلوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جس سے پڑھے لکھے طبقے کا ریاست پر اعتماد بحال ہوا۔ انہوںنے کہاکہ سیاحتی پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد کابینہ کا اجلاس بلایا جائیگا ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت ماحولیات کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھائے گی ۔ صفائی ، ستھرائی پر فوکس کیا جائیگا ۔ پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال کو ممنوع قرار دیا گیا ہے اس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سیاحتی مقامات پر پر سہولیات کی فراہمی کیلئے ’’اخوت‘‘ بلا سود قرضہ دے گی ۔گیسٹ ہائوسز کی سہولیات مہیا کرینگے ۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے موثر پالیسی کے تحت حکمت عملی وضع کی جائیگی۔ آزادکشمیر یونیورسٹی میں ہیلتھ مینجمنٹ شروع کی جائیگی اور ٹیوٹا کے زیراہتمام کورسز جاری ہیں جو روزگار کی فراہمی کیلئے مددگار ثابت ہونگے ۔ ٹورازم کوریڈورپر جلدی کام شروع ہوگا ۔ صفائی ستھرائی سے متعلق لوگوں میں شعور اجاگر کرنا ہے ۔ سیاحت کو ریگولیٹ کرنے کیلئے ٹورازم ریگولیٹری پالیسی بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک سے معاشی انقلاب آئیگا ۔سی پیک کے تحت92کلو میٹر سڑک کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں