بھارتی دھمکیاں انتخابات میں ہندولیڈرشپ کو تازہ آکسیجن مہیا کرنے کی ناکام کوشش ہے‘شاہ غلام قادر

عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کو چاہیے کشمیر پر سلامتی کونسل کی تسلیم شُدہ قراردادوں کو عملی شکل دینے کے لیے کردار ادا کریں‘سپیکر قانون ساز اسمبلی

پیر 24 ستمبر 2018 12:27

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی جانب سے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی دھمکی ہندوستان میں آمدہ انتخابات میں ہندو لیڈر شپ کو تازہ آکسیجن مہیا کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ اُس کی افواج مقبوضہ کشمیر میں حُریت پسندوں کے سامنے بے بس نظر آ رہی ہیں وہ میدان جنگ میں پاکستان کی بہادر مسلح افواج کا مقابلہ کسطرح کر سکیں گی۔

ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے نہتے عوام کے خلاف طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ بھارت نہ ہی جمہوری مُلک ہے اور نہ ہی اُس کی کوئی خارجہ پالیسی ہے، وہ دھوکہ دہی سے مقبوضہ کشمیر پر اپنا تسلط ہر صورت میں برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر پر وہ مذاکرات کے لیے اعلان کرنے کے بعد راہ فرار اختیار کرتا ہے۔

عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے ادارے کو چاہیے کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی تسلیم شُدہ قراردادوں کو عملی شکل دینے کے لیے کردار ادا کریں۔ کشمیری عوام کو جب تک حق خودارادیت نہیں مل جاتا وہ اپنی جدوجہد آزادی کا مشن جاری رکھیں گے۔ بھارتی افواج کے غرور کو خاک میں ملانے کے لیے آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام مسلح افواج کے ساتھ شانے سے شانہ ملا کر قُربانیاں دینے کے لیے تیار ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں