کسانوں کے رابطوں میں بہتر ی پیدا کرنے اور سرمایہ کاری سے خطے کو زرعی اعتبار سے خود کفیل بنایا جا سکتا ہے ،ْوزیر زراعت آزاد کشمیر

اجلاس کے دور ان وزیر چوہدری طارف فاروق نے زرعی توسیع سروس مرکز کی سطح تک آزاد کشمیر بھر کے آفیسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا محکمہ زراعت کے آفیسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقے کی زرعی ترقی میں ہر ممکن کردار ادا کریں گے ،ْسیکرٹری

پیر 24 ستمبر 2018 17:18

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2018ء) آزادکشمیر کے سینئر وزیر /وزیر زراعت ولائیو سٹاک چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے متنوع موسمی حالات میں جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ ، کسانوں کے رابطوں میں بہتر ی پیدا کرنے اور سرمایہ کاری سے خطے کو زرعی اعتبار سے خود کفیل بنایا جا سکتا ہے۔ ہمارا مشن آزاد کشمیر کے کسانوں کو تمام ترفنی اور تکنیکی معاونت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آزاد کشمیر کو زریعے خطے میں تبدیل کریں ۔

سینئر وزیر زراعت وزیر زراعت و لائیو سٹاک ، ہاؤسنگ فزیکل پلاننگ چوہدری طارق فاروق نے محکمہ زراعت آزاد کشمیر کے جملہ آفیسران کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جائزہ اجلاس میں سیکرٹری زراعت لائیو سٹاک ڈاکٹر شہلا وقار ، ناظم اعلیٰ زراعت ڈاکٹر محمد بشیر بٹ ، ناظم زراعت تحقیق خواجہ خورشید احمد ، ناظم زراعت توسیع راجا محمدآصف خان، تمام اضلاع کے نائب ناظمین ، معاون ناظمین ، لیڈی ایکسٹیشن سروس کی آفیسران اور شعبہ تحقیق کے آفیسران و اہلکاران نے شرکت کی ۔

انہوں نے کہاکہ ہم ریاست کے عوام کے سامنے اپنے فرائض کی بجاآوری کے معاملہ پر جواب دہ ہیں لہذا ہمیں اپنے فرائض کو بجا لاتے ہوئے مقررہ اہداف کو پورا کرنے کی بھرپور کوششیں بروئے کار لائی جائیں اس کے لئے کسانوں کے ساتھ روابط کو استوار اور مضبوط کرنا ہے ۔ انہوں نے زرعی توسیع سروس مرکز کی سطح تک آزاد کشمیر بھر کے آفیسران کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور فرداً فرداً ہر آفیسر کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کئے اور ہر علاقہ کی موسمی مناسبت کے لحاظ سے اس علاقے میں زرعی ترقی کی استعداد کے بارے میں استفسار ات کئے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ٹنل فارمنگ کے حوالے سے کام میں بہتری لاتے ہوئے کسانوں کو اس بات پر راغب کرنا ہے کہ وہ نصب شدہ پلاسٹک ٹنلز میں سبزیات اور پھولوں کی کاشت کو یقینی بنائیں ۔ سینئر وزیر نے کہا کہ راولاکوٹ اور گردونواح میں فلوریکلچر میں مزید ترقیاتی اقدامات کرتے ہوئے کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کی کوششوں میں تیزی لائی جائے ۔

انہوں نے ضلع جہلم ویلی اور ضلع حویلی کے نائب ناظمین سے بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ ہمیں لیپہ ویلی اور حویلی میں قیمتی زرعی اجناس خصوصاً اخروٹ کی پیدا وار کے مسائل کو حل کرنے کیساتھ ساتھ اس کی ویلیو ایڈیشن کے عوامل میں سہولت کاری کرتے ہوئے بہتر منافع کے حصول کی کوششیں بروئے کار لائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جن علاقہ جات میں چاول کی کاشت ممکن ہے ان علاقوں کے کسانوں کے ساتھ رابطے کو مزید بہتر بناتے ہوئے انہیں اس بات پر قائل کیا جائے کہ وہ چھوٹے ڈیم اور تالاب بنا کر پانی کا ذخیرہ کریں تاکہ بوقت ضرورت پانی کو استعما ل میں لا سکیں ۔

انہوں نے شعبہ فروٹ اینڈو یجیٹیبل سپیشلسٹ کی کارکردگی کا جائزہ کے دوران کہا کہ ہمیں آزاد کشمیر میں فلوریکلچر کی ترقی سبزیات کی کاشت کو حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ کیونکہ آزاد کشمیر کسانوں کے پاس زمین کم ہونے کی وجہ سے انہیں پھلوں کے باغات لگانے کی ترغیب دینے کے ساتھ ساتھ سوات اور مختلف مماثل فارمنگ ایریاز کا وزٹ کرواتے ہوئے ان کی ذہنی استعداد اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو بڑھانا ہے ۔

سینئر وزیر نے کہا کہ کچن گارڈننگ کی تربیت کو جاری رکھتے ہوئے لوگوں کو اس بات کی جانب راغب کرنا ہے کہ وہ گھریلو سبزیات کی ضروریات کو خود پورا کر سکیں ۔ انہوں نے تحقیق کے شعبہ سے بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے زرعی ریسرچ فارم ہاء کو مثالی بنانا ہے ۔ لوگوں کے لئے آزاد کشمیر کے موسم کے اعتبار سے تحقیق کرتے ہوئے ایسی زرعی اجناس اور منافع بخش اقسام کو متعارف کروانا ہے جن سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کو بدلتے ہوئے موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے زرعی سائینس کانفرنس کا انعقاد بھی ضروری ہے۔سینئر وزیر نے کہاکہ کام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور میں خود فیلڈ وزٹ بھی کروں گا کسانوں کے مسائل سنوں گا اور حکومت کسانوں کو درپیش مسائل دور کرنے میں پوری کوششیں بجا لائے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت ڈاکٹر شہلا وقار نے وزیر زراعت کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت کے آفیسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقے کی زرعی ترقی میں ہر ممکن کردار ادا کریں گے ۔

آخر میں ناظم اعلیٰ زراعت نے وزیر زراعت اور سیکرٹری زراعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے ترقیاتی بجٹ میں اضافے کیلئے بھرپور راہنمائی فراہم کی اور ہمہ وقت محکمہ کی سرپرستی کرتے ہوئے فیلڈ میں درپیش مسائل کی دوری کیلئے اپنا مثالی کردار ادا کیا اس سے جہاں محکمہ کے تمام آفیسران کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے وہیں ریاست کے کسانوں میں حکومتی کوششوں پر اعتماد کا اظہار بھی کیا گیا ہے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں