کشمیر لبریشن سیل دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کیلئے کام کرنے والے افراد کا ڈیٹا بیس ترجیح بنیاد پر جمع کرے ،صدر آزاد کشمیر

لبر یشن سیل دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر ، کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر چھپنے والے مواد کو اکٹھا کر کے سوشل میڈیا کے ذریعے اُسے پھیلائے ،سردار مسعود خان

پیر 15 اکتوبر 2018 16:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2018ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لیے کشمیر لبریشن سیل کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے سیل کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق اس ادارے کو جدید خطوط پر استوار کریں ۔ پیر کے روز سیکرٹری لبریشن سیل منصور قادر ڈار اور ڈائریکٹر راجہ سجاد خان کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ لبریشن سیل نہ صرف خود مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اشاعتی مواد تیارکرے بلکہ دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر اور کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر چھپنے والے مواد کو اکٹھا کر کے سوشل میڈیا کے ذریعے اُسے پھیلائے تاکہ ایک جانب مسئلہ کشمیر کا حقیقی تاریخی پس منظر دنیا کے سامنے آئے اور دوسری جانب مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی بربریت ، جبر اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو سامنے لا کر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کیا جائے ۔

(جاری ہے)

کشمیر لبریشن سیل کے پالیسی ریسرچ فورم کے قیام کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیل کو دنیا میں اُبھرتے ہوئے نئے رجحانات کا مسلسل مطالعہ کر کے حکومت اور حکومتی اداروں کی رہنمائی کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں رونما ہونے والے واقعات سے مسلسل با خبر رہنا چاہیے اور اس مقصد کے لیے کشمیر لبریشن سیل کی ویب سا ئٹ پر تمام تازہ ترین معلومات ہر وقت دستیاب رہنی چاہیے ۔

صدر سردار مسعود خان نے تجویز کیا کہ کشمیر لبریشن سیل دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کے لیے کام کرنے والے افراد یا اس مسئلہ سے دلچسپی رکھنے والے اداروں کا ڈیٹا بیس ترجیح بنیاد پر جمع کرے ۔ اس کا م کا آغاز برطانیہ ، امریکہ اور کینیڈا میں کشمیری اور پاکستانی نژاد ارکان پارلیمنٹ ، کونسلرز ، صحافیوں اور دانشوروں کے اعداد و شمار جمع کرنے سے کیا جائیتاکہ ان افراد اور اداروں سے رابطوں کو موثر بنایا سکے ۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ کی پارلیمان میں کل جماعتی پارلیمانی کشمیر گروپ اور فرینڈز آف کشمیر کے بارے میں جملہ معلومات اور کشمیر کے حوالے سے اُن کا کردار اور کوششیں بھی سیل کی ویب سائٹ اور تما م مطبوعات میں منعکس ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ دنیا کے بڑے بڑے اخبارات میں کشمیر کے بارے میںشائع ہونے والے مضامین خبروں اور اداریوں کو مسلسل مانیٹر کر کے اُن پر مطلوبہ رد عمل بھی تیار کرنا بھی کشمیر لبریشن سیل کی ذمہ داریوں کا حصہ ہونا چاہیے ۔

انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان کی کئی یونیورسٹیوں میں کشمیر کے حوالے سے تحقیقی مواد کتابوں اور تحقیقی مقالوں کی صورت میں شا ئع ہوتا ہے جبکہ ہمارے قومی میڈیا اور بھارتی میڈیا میں بھی ایسی رپورٹس شائع ہوتی ہیں جن سے مسلسل استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سے قبل کشمیر لبریشن سیل کے انتظامی ڈھانچے اور اس کے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے سیل کے سیکرٹری منصور قادر ڈار نے بتایا کہ سیل کی سر گرمیوں کا محور و مرکز ریاست جموں و کشمیر کے مقبوضہ حصے کو بھارتی غلامی سے آزادی دلانے کی جدوجہد کو اُجاگر کرنا اور اس تحریک کو تحریر و تقریر کے ذریعے تقویت پہچانے کے لیے پلیٹ فورم مہیا کرنا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت کشمیر لبریشن سیل کے پلیٹ فارم سے کشمیر کی تاریخ سے متعلق قومی ایام کا انعقاد ، تحریک آزادی کشمیر کی تار یخ مرتب کرنا، مختلف مواقع پر سیمینار جلسے اور جلوس منظم کر کے کشمیر کے حوالے سے رائے عامہ کو ہموار کرنا ، کشمیر کے منقسم خاندانوں کے بارے میں معلومات جمع کر کے انہیں کتابی صورت میں مرتب کرنا، جموں کے قتل عام کو مصدقہ تاریخ مرتب کرنا اور دیگر اہم سر گرمیاں شامل ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں